پیپلز پارٹی آزاد کشمیر تنظیم نو کے بعد بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آچکی ہے‘ پاکستان اور آزاد کشمیر میں عوامی راج قائم ہونے والا ہے‘ نواز شریف کی سیاست کا اختتام ہو چکا‘ آزاد کشمیر سے بھی نواز شریف کی باقیات کا جنازہ نکلنے والا ہے

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف کادوبئی میں بڑے جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 12 اگست 2017 15:08

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر تنظیم نو کے بعد بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آچکی ہے۔ پاکستان اور آزاد کشمیر میں عوامی راج قائم ہونے والا ہے۔ نواز شریف کی سیاست کا اختتام ہو چکا۔ آزاد کشمیر سے بھی نواز شریف کی باقیات کا جنازہ نکلنے والا ہے۔

وہ آج یہاں دبئی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے اس جلسہ کی صدارت سردار جاوید یعقوب نے کی جبکہ مقررین میں حاجی منیر آف باڑہ، چوہدری عاصم آف کڈہالہ، راجہ شفیق آف دھڑے، محفوظ چیچی، طاہر بشیر اور چوہدری انصل شامل تھے۔ پیپلز پارٹی کے جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی وارث جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو کی کشمیریوں کے ساتھ جو کمٹمنٹ ہے کہ کشمیر پے ایک ہزار سال تک جنگ لڑیں گے اسی وجہ سے کشمیری عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اور یہ بات سمجھتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت ہی مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی تنظیم نو کے بعد چودھری لطیف اکبر کی قیادت اور دوستوں کی کاوشوں سے مختصر عرصہ میں پارٹی کو مضبوط تر بنا دیا گیا ہے میرا لندن، دبئی، ناروے کے دورے کا مقصد پارٹی کو فعال بنانے اور تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے سلسلہ کیلئے تھا انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت چند ہی دنوں میں دبئی، لندن اور سعودی عرب کا دورہ کرے گی اور تنظیم سازی کو مکمل کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر پیپلز پارٹی پر ریاستی تشخص کی پامالی کے طعنے دیتے تھے لیکن فاروق حیدر خان اور اس کی کابینہ اور اسمبلی ممبران نے حالیہ دنوں میں جس طرح نواز شریف کے پیچھے چل کر ریاستی تشخص کو تباہ کیا وہ قابل افسوس ہے۔ حتی کہ ایک اسمبلی ممبر نے جس طرح نواز شریف کے ملازم کی گاڑی کے ساتھ اپنی سیلفی بنائی جس میں اس ملازم نے اپنی گاڑی کا شیشہ تک نہیں کھولا ریاستی تشخص کی پامالی کی اس سے بڑی مثال کیا ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے نواز شریف نے جس مقصد کے لئے آزاد کشمیر کے عوام کا مینڈیٹ چھین کر یہ حکومت بنوائی تھی وہ ناکامی کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کا سورج طلوع ہونے کو ہے پاکستانی عوام نے نواز شریف اور عمران خان کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے فاروق حیدر کو مشورہ دیا کہ وہ نواز شریف کی خوشامد کے بجائے کنٹرول لائن کے متاثرین کے پاس جائیں اور ان کی بحالی کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔