نواز شریف تصادم کا راستہ اپناتے ہوئے عدالت کی تضحیک کر رہے ہیں‘ مخدوم احمد محمود

ہفتہ 12 اگست 2017 16:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2017ء) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمدمحمود نے کہا ہے کہ نواز شریف تصادم کا راستہ اپناتے ہوئے عدالت کی تضحیک کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین اور جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم کے ہمراہ پارٹی میڈیا سے جاری اپنے ایک بیان میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نوا زشریف کو ماننا چاہیے کیونکہ ماضی میں بھی ایسے فیصلے آئے ہیں جو سب نے مانے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں اداروں کو آئینی طریقے سے مضبوط کیا اور جمہوریت کو تقویت بخشی لیکن افسوس کہ نواز شریف نے روایات کو پس پشت ڈال دیا اگر میثاق جمہوریت پر عمل کرتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔

انہوں نے افسو س کا اظہا ر کیا کہ کروڑوں عوام کی منتخب پارلیمنٹ کو کچھ لوگوں نے عوامی مسائل، اہم قومی ایشوز اور در پیش چیلنجز سے توجہ ہٹا کر ذاتیات کا میدان بنا دیا ہے۔ انکے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی یہ ایک روٹین کا عدالتی فیصلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج نواز شریف کا بھٹو شہید کے ساتھ موازنہ کرنے والے تاریخ کا مطالعہ کریں ۔