وزیر اعظم کی سینئر لیگی رہنماء غوث علی شاہ سے ملاقات ، ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد بھی وصول کی

وزیر اعظم میرے لئے کوئی مراسلہ لے کر نہیں آئے ، وہ میرے دوست ہیں ، ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی ، لیگی ہوں اور لیگی رہونگا ، سابق وزیر اعلیٰ غوث علی شاہ کی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 12 اگست 2017 23:17

وزیر اعظم کی سینئر لیگی رہنماء غوث علی شاہ سے ملاقات ، ملک کی سیاسی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 اگست2017ء) وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے سینئر مسلم لیگی رہنماء اور سابق وزیر اعلیٰ سید غوث علی شاہ سے ملاقات کی اور ان سے ملک کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا ، جب کہ غوث علی شاہ نے شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی جب کہ غوث علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم میرے لئے کوئی مراسلہ لے کر نہیں آئے ، ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ کے سینئر رہنما سید غوث علی شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جو آدھا گھنٹہ سے زائد تک جاری رہی ۔ پہلے اس ملاقات میں کچھ رہنماء شریک تھے تاہم بعد ازاں دونوں نے ون ٹو ون ملاقات بھی کی ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات کے دوران خیر سگالی کے جذبے کا بھی اظہار کیا گیا اس دوران غوث علی شاہ نے شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غوث علی شاہ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی میرے دوست ہیں ۔ وہ کراچی کے دورے پر آئے ہوئے تھے تو مجھ سے ملاقات کرنے بھی آگئے میں نے ان کو اہم منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی جب کہ ان سے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔ ایک سوال کے جواب میں غوث علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم میرے پاس کوئی مراسلہ لے کر نہیں آئے ہماری ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی ۔

انہوں نے نواز شریف کے سبق سیکھنے کے حوالے سے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ اس پر کوئی کمنٹ نہیں دینگے ۔ اور ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں نواز شریف کے خلاف اگر کوئی ریلی نکلی تو اس میں شرکت کا اس وقت دیکھوں گا میں لیگی ہوں اور لیگی رہوں گا اور یہی جماعت پاکستان کی خالق جماعت ہے ۔ ایک اور سوال پر غوث علی شاہ نے کہا کہ نواز شریف اب وزارت عظمیٰ کے عہدے سے جا چکے ہیں ان سے میری جو باتیں ہوئی تھی وہ میڈیا کے سامنے نہیں لا سکتا چونکہ وہ اس وقت سامنے نہیں ہیں اس لئے میں اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کرونگا ۔

متعلقہ عنوان :