وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدرخان لاہور کو الوداع کہہ کر آزادکشمیر آئیں ،ْچوہدری پرویز اشرف

اتوار 13 اگست 2017 16:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت چودھری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدرخان لاہور کو الوداع کہہ کر آزادکشمیر آئیں اور عوام کو بجلی کے بحران سے نجات دلوائیں ۔ آزادکشمیر میں 18سے 20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے ۔

وہ لندن ، ناروے اور دبئی کے دورے سے واپسی پر ایئرپورٹ پر استقبال کیلئے آنے والے پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم کر نے کا نعرہ لگا کر آنے والوں نے ایک سال کے عرصہ میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی بجائے اس کا دورانیہ زیادہ کردیا ہے ۔ اب بڑے شہروں میں روزانہ 12گھنٹے اور دیہاتوں میں 18سے 20گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،جبکہ پاکستان میں چار گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں اسی جماعت کی حکومت ہے فاروق حیدر اپنی جماعت سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ پاکستان کے برابر نہیں کرواسکتے تو ان کو اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا بیرونی ممالک کا دورہ نہایت کامیاب رہا ۔ پیپلزپارٹی کی تنظیم نو کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف تقاریب اور اہم افراد سے ملاقاتیں ہوئیں ۔