یونیورسٹی اور کالج اساتذہ کو ٹریننگ کے بغیر ترقی نہیں ملے گی،انتظامی عہدوں پر تعیناتی بھی ٹریننگ سے مشروط کرنیکا فیصلہ

پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے فیکلٹی ممبران کوجدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی طرز کے مطابق نئی تکنیکوں سے متعارف کروانے کیلئے سٹاف ڈویلپمنٹ اکیڈمی قائم کردی، افتتاح 21اگست کو ہوگا ،امریکہ اور برطانیہ سمیت دیگر ملکی وغیر ملکی ماہرین اساتذہ کو ٹریننگ دینگے

اتوار 13 اگست 2017 16:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) یونیورسٹیزاور کالجز کے اساتذہ کوٹریننگ کے بغیر ترقی نہیں ملے گی،انتظامی عہدوں پر تعیناتی بھی ٹریننگ سے مشروط کرنیکا فیصلہ ،پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے فکیلٹی ممبران کوجدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی طرز کے مطابق نئی تکنیکوں سے متعارف کروانے کیلئے’’ سٹاف ڈویلپمنٹ اکیڈمی ‘‘قائم کردی ہے جس کا افتتاح 21اگست کو ہوگا ،یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے اشتراک سے قائم کی گئی ٹیچرز ٹریننگ اکیڈمی میں امریکہ اور برطانیہ سمیت دیگر ملکی وغیر ملکی ماہرین اساتذہ کو ٹریننگ دینگے۔

چیئرمین پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ صوبہ بھر کی یونیورسٹیز اور کالجز کے ٹیچرز کیلئے ٹریننگ کا آغاز ابتدائی طورپر لاہورسے شروع کیاجارہا ہے جس کیلئے ایجوکیشن یونیورسٹی ٹائون شپ کیمپس میں 32کمرے بھی تعمیر کرلئے گئے ہیں،ٹریننگ کے پہلے مرحلہ میں مختلف کیٹیگری کے 35اساتذہ کو فائنل کیا گیا ہے، ٹریننگ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم ٹریننگ جبکہ لیکچر ہال اور کمپیوٹر لیب بھی قائم کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ ملک بھر میں اساتذہ کیلئے اپنی طرز کی واحد اکیڈمی میں پری سروس اور ایڈمنسٹریٹو سٹاف کے علاوہ ڈینز،ڈائیریکٹرز،پرنسپلز،رجسٹرار،خزانچی اور کنٹرولر ا متحانات سمیت شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کوجدید امورسے آگاہی ،نئے مضامین سے روشناس کروانے اور انتظامی امور چلانے کیلئے سپیشل ٹریننگ دی جائیگی۔ڈاکٹر نظام الدین نے بتایا کہ یونیورسٹیز اور کالجز اساتذہ کواکیڈمی میں غیر ملکی ماہرین،سابق بیوروکریٹس،وائس چانسلرزاور اکیڈمک ونگ سے وابستہ افراد ٹریننگ دیں گے ا و رانکو پیشہ ورانہ امور کے بارے میں آگاہی بھی دی جائیگی۔

انہوںنے بتایا کہ ابتدائی طورپر مرحلہ وار یونیورسٹیز اور کالجز کے اساتذہ کو ٹریننگ کے عمل سے گزارا جائیگا اسکے بعد تمام تعلیمی اداروں کے فیکلٹی ممبران کے لئے ٹریننگ لازمی کردی جائیگی اور اساتذہ کوٹریننگ کے بغیر ترقی نہیں ملے گی جبکہ انتظامی عہدوں پر تعیناتی بھی ٹریننگ سے مشروط کردی جائیگی۔