قوم کو کسی کا نہیں صرف قائداعظمؒ کا پاکستان چاہئے‘چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی

آج درپیش تمام مسائل و مشکلات کی سب سے بڑی وجہ قیام پاکستان کے عظیم مقاصد کو فراموش کرنا ہے‘یوم آزادی پر پیغامات

اتوار 13 اگست 2017 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ قوم کو کسی کا نہیں صرف قائداعظمؒ کا پاکستان چاہئے، آج ملک و قوم کو درپیش تمام مشکلات و مسائل کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قیام پاکستان کے مقاصد کو فراموش کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پوری قوم کو یوم آزادی پر اپنے پیغامات میں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری لاتعداد مائوں، بہنوں اور بیٹیوں سمیت برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جان و مال اور عزت و وقار سمیت سب کچھ اس خطہ ارضی کیلئے قربان کر دیا تھا لیکن افسوس کہ ہم نہ صرف ان کی عظیم قربانیوں بلکہ اس منزل کو بھی بھول گئے جس پر پاکستان کو پہنچانا تھا، آج جہاں ملک کو اندرونی و بیرونی خطرات سمیت مختلف بحرانوں کا سامنا ہے وہاں غریب اور عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، پاکستان کو درپیش سنگین بحرانوں اور قوم کی حالت کے بارے میں سوچنے سے دل کانپ اٹھتا ہے لیکن ابھی بھی وقت ہے کہ ہم خلوص نیت سے پاکستان کو قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کا عہد کریں، رواداری، برداشت، تحمل اور عدل و انصاف کو فروغ دیا جائے، ہادئ برحق کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں اورقائداعظم کے فرمودات کو مشعل راہ بنائیں تاکہ ایک خوشحال، مضبوط، ناقابل تسخیر اسلامی فلاحی مملکت کی منزل حاصل کی جا سکے، آج قوم میں انتشار پھیلانے کا نہیں بلکہ امن و قانون کو سربلند رکھتے ہوئے قومی یکجہتی اور یگانگت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور پاکستانی قوم کو زندہ و پائندہ رکھے اور یہ دن دگنی رات چونگی ترقی کریں، ہر طرف امن و خوشحالی ہو اور ہم اقوام عالم میں سربلند ہوں، یوم آزادی پر یہ بھی دعا ہے کہ قیام پاکستان اور اس کے بعد ارض پاکستان کے تحفظ کیلئے عظیم قربانیاں دینے والوں کے درجات بلند ہوں۔

متعلقہ عنوان :