بجلی اور گیس بحران اور مہنگائی نے عوام کی زندگی مشکل تر بنا دی ہے، صابرحسین اعوان

پیر 14 اگست 2017 21:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں۔غریب اور نوجوان عزت کی روٹی روزی کی تلاش میں ہیں۔بجلی اور گیس بحران اور مہنگائی نے عوام کی زندگی مشکل تر بنا دی ہے۔ 2013کے انتخابات کے نتیجہ میں بننے والی حکومت نے عام آدمی کی امیدوں اور آرزئوں کا خون کرکے اس کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔

جماعت اسلامی نے 2018کے انتخابات میں دیانتدار اور عوامی مفادات کی محافظ قیادت کے انتخاب کیلئے ملک بھر میں رابطہ عوام مہم کا آغاز کردیا ہے ۔وہ یونین کونسل نحقی پی کے نو میںشمولیتی اجتماع سے خطاب کرر ہے تھے ۔ اس موقع پر درجنوں افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

صابرحسین اعوان نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنا انتخابی رویہ بدلے اور چوروں اور ڈاکوئوں کے گروہ کو اپنے اوپر مسلط کرنے کے بجائے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا انتخاب کرے ۔

انہوں نے کہاکہ اللہ نے ہمیں حکومت کا موقع دیا تو ہر طرح کے وی آئی پی پروٹوکول اور غیر ترقیاتی اخراجات ختم کر کے عوام کی امانتوں کو تعلیم ، صحت اور روزگار جیسے بنیادی مسائل کے خاتمہ کے لیے خرچ کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ قوم روایتی سیاستدانوں اور حکمرانوں سے اکتاگئی ہے۔ جماعت اسلامی اس بار سیاسی روایات تبدیل کرے گی اور قوم ایک واضح تبدیلی محسوس کرے گی۔ قوم کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ حقیقی معنوں میں ان مسائل سے نکلنا چاہتی ہے جماعت اسلامی ان کو بحرانوں سے نکلنے کا راستہ دکھائے گی۔