ملک بھر کی طرح لاڑکانہ میں 70 سالا یوم آزادی کا جشن قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

لاڑکانہ میں 14 اگست جشن آزادی کے موقع پر شہر کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو میونسپل اسٹیڈیم میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی کچھ قوتوں نے پاکستان کو شروع سے ہی تسلیم نہیں کیا جو آج بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں ، کمشنر لاڑکانہ

پیر 14 اگست 2017 21:37

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) ملک بھر کی طرح لاڑکانہ میں 70 سالا یوم آزادی کا جشن قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ لاڑکانہ میں 14 اگست جشن آزادی کے موقع پر شہر کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو میونسپل اسٹیڈیم میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں کمشنر لاڑکانہ محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر کاشف علی ٹیپو، ایس ایس پی لاڑکانہ، میئر لاڑکانہ محمد اسلم شیخ، ڈپٹی میئر انور علی لٴْہر سمیت طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے جوانوں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی جبکہ جشن آزادی کے حوالے سے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں پر ٹیبلوز پیش کیے اور وطن سے محبت اور شہدائے کی قربانیوں کو خراج پیش کرنے کے لیے تقاریر کی گئیں۔

(جاری ہے)

کمشنر لاڑکانہ ڈویزن محمد عباس بلوچ نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد وجود میں آیا، کچھ قوتوں نے پاکستان کو شروع سے ہی تسلیم نہیں کیا جو آج بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں ان کے ناپاک ارادوں کو ہم سب مل کر ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گے اور ہمارے دشمنوں کو ہر محاذ پر ناکامی نصیب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں سب کچھ دیا اب ہمارا فرض ہے کہ ہم سب ملک کر اس کی حفاظت کریں اور ملک کو مزید مضبوط بنائیں۔ اس موقع پر کمشنر نے ڈپٹی کمشنر، میئر لاڑکانہ، ایس ایس پی لاڑکانہ، ایم ایس چانڈکا اسپتال، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن لاڑکانہ، اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ، ڈی ای او سیکنڈری، ڈی ایس پی لاڑکانہ، نواب کھوکھر، نثار احمد مغیری، ارشد کماریو، ڈپٹی میئر انور علی لٴْہر، ڈاکٹر سکینہ گاد اور دیگر کو شیلڈس بھی دیئے۔

بعد ازاں لاڑکانہ پریس کلب کی جانب سے صدر ایس اقبال بابو اور جنرل سیکریٹری ظفر ابڑو کی میزبانی میں 70 سالہ جشن آزادی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر لاڑکانہ ڈویزن محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر کاشف علی ٹیپو، ایس ایس پی لاڑکانہ ساجد امیر سدوزئی، میئر لاڑکانہ محمد اسلم شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مسعود احمد بھٹو سمیت دیگر نے شرکت کرکے کیک کاٹا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔