آسٹریلوی نائب وزیراعظم کی دوہری شہریت کا انکشاف

منگل 15 اگست 2017 10:00

والنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2017ء) نیوزی لینڈ کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ آسٹریلیا کے نائب وزیراعظم برنابی جوائس دوہری شہریت کے حامل ہیں۔ وائس آف امریکا کے مطابق آسٹریلوی نائب وزیراعظم دوہری شہریت کے حامل ہیں اور آسٹریلوی کے آئین کے مطابق دوہری شہریت کے حامل افراد کوئی بھی عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔اس سے قبل برنابی جوائس نے کہا تھا کہ وہ خاندانی طور پر نیوزی لینڈ کے شہری ہوسکتے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنا مقدمہ ملک کی ہائی کورٹ میں لے کر جائیں گے۔

(جاری ہے)

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر برنابی جوائس کو نااہل قرار دے دیا گیا توآسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرن بل کی حکومت گرنے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے داخلہ امور کے وزیر پیٹر ڈون نے آسٹریلیا میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ نیوزی لینڈ کے قانون کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہریوں کے بچوں کو ملک کی شہریت خوبخود ہی مل جاتی ہے تاہم برنابی جوائس نے پارلیمان کو بتایا کہ انھوں نے قانونی مشاورت حاصل کی ہے کہ انھوں نے قانون شکنی نہیں کی۔ فی الحال وہ نائب وزیراعظم کے عہدے پر تعینات رہیں گے۔ واضح رہے کہ برنابی جوائس سے پہلے بھی کئی آسٹریلوی سیاست دانوں کی دوہری شہریت کے معاملات سامنے آچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :