دوسروں کے لئے ’’گڑھا کھودنے والا نواز شریف خود ہی سر کے بل گڑھے میں گر پڑ ھا ، راجہ پرویز اشرف

ہمارے سیاسی راہنما بھی آمروں کی چال چلتے رہے جس کی وجہ سے عملی طور پر جمہوریت کو پھلنے پھولنے کا موقع نہیں ملا ،صحافیوں سے گفتگو

منگل 15 اگست 2017 12:40

دوسروں کے لئے ’’گڑھا کھودنے والا نواز شریف خود ہی سر کے بل گڑھے میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2017ء) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دوسروں کے لئے ’’گڑھا کھودنے والے نواز شریف خود ہی آرٹیکل 62 اور 63 کے گڑھے میں سر کے بل گر پڑے ‘‘ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال کر ہلاتفریق احتساب ہونا چاہئے تاکہ آئین و قانون کی حکمرانی قائم ہو ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں صحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئین کی آرٹیکل 62 اور 63 آمر مطلق نے سیاست دانوں کو بلیک میل کرنے اور انہیں دبانے کے لئے بنائے تھے لیکن افسوس کی بات ہے کہ ہمارے سیاسی راہنما بھی آمروں کی چال چلتے رہے جس کی وجہ سے عملی طور پر جمہوریت کو پھلنے پھولنے کا موقع نہیں ملا ۔ پیپلزپارٹی کے راہنما نے کہا کہ ہم نے ان دونوں شقوں کو آئین سے نکالنے کی بات کی لیکن نواز شریف انہیں ہمارے خلاف استعمال کرنے کی غرض سے شقوں کو نہ نکالنے پر اڑے رہے اور پھر عدالت عظمی نے ایک خط نہ لکھنے پر اس وقت پیپلزپارٹی کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو نااہل کیا ۔

(جاری ہے)

ہمارے خلاف ریفرنس بنائے گئے تو ہمارے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے آج نواز شریف کے ساتھ جو کچھ ہوا یہ ان کے کارناموں کا مکافات عمل ہے لیکن افسوس وہ عدالتی فیصلہ ماننے کی بجائے اداروں کی تضحیک پر اتے آئے ہیں جس سے ملک کے 20 کروڑ عوام کی بھی عزت نفس مجروح ہوئی مگر پھر بھی ان کے نام ای سی ایل میں نہیں ڈالے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہئے اور ان کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی ہونی چاہئے تاکہ قانون اور آئین کی مکمل حکمرانی قائم ہو اور انصاف کا بول بالا ہو جائے ۔ ۔