قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز کل جوہر ٹائون ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا

منگل 15 اگست 2017 14:30

قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز کل جوہر ٹائون ہاکی سٹیڈیم ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2017ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کل (بدھ) سے جوہر ٹائون ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا ۔کیمپ کے کوچ محمد ثقلین نے اے پی پی کو بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے تین روزہ ٹرائلز کے بعد قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے 58کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جو کہ کیمپ کا حصہ ہوں گے ۔

منگل کے روز کھلاڑیوںکا کیمپ میں رپورٹ کرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ کیمپ میں باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز بدھ کے روز ہوگا اور دو مختلف سیشنز میں ٹریننگ کروائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پہلے سیشن میں فزیکل ،بیسک ،ٹیم ٹریننگ ،پنلٹی کارنر پر توجہ دی جائے گی ۔دوسرے سیشن میں میچ پریکٹس اور دیگر شعبوں پر توجہ دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ثقلین کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ کیمپ میں پانچ سے چھ ایسے باصلاحیت کھلاڑی مل جائیں جو کہ قومی ٹیم کا حصہ ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے ہاکی لیگ کرواکر اور کھلاڑیوں کو بہت زیادہ مراعات دے کر اپنی ہاکی کو بہتر کیا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں ہمارے کھلاڑیوں کو نہ تو زیادہ سہولیات ہیں اور ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کے نہ ہونے سے تجربہ کی بھی کمی ہے ۔پی ایچ ایف کے صدر نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے رواں سال کے آخر میں ملک میں ہاکی لیگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور سکیورٹی کے سلسلہ میں تعاون کے لئے آرمی چیف سے بھی ملاقات کی تھی اور ان کی یقین دہانی کے بعد ہاکی لیگ کے انعقاد کے لئے کام کیا جارہا ہے ۔کوشش ہے کہ ہاکی لیگ میں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی شامل ہوں تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل ہو سکے اور ان کی مالی پوزیشن بھی مضبوط ہو ۔

متعلقہ عنوان :