پشاور،جشن آزادی ہاکی لیگ اختتام پذیر، قائداعظم محمد علی جناح کی ٹیم نے کامیابی حاصل کرلی

منگل 15 اگست 2017 20:55

پشاور،جشن آزادی ہاکی لیگ اختتام پذیر، قائداعظم محمد علی جناح کی ٹیم ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2017ء) خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جشن آزادی ہاکی لیگ اختتام پذیر ، قائداعظم محمد علی جناح کی ٹیم نے پندرہ پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، ڈاکٹر لیاقت علی خان کی ٹیم نے 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ سر سید احمد خان کی ٹیم نے 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن ھاصل کی ۔اس موقع پر مہما ن خصوصی ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر سابق آئی جی و چیئر مین صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن سید خان ، صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید ظاہر شاہ، ڈسٹرکٹ پشاور ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہدایت الله ، سیکرٹری محمد آیاز، کوچز یاسر اسلام ، ضیاء الرحمان بنور، امیر حمزہ سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے قومی ہیروز کے نام سے منسوب جشن آزادی ہاکی لیگ کا انعقاد کیاگیا جس میں قائداعظم محمد علی جناح، ڈاکٹر لیاقت علی خان ، سرسید احمد خان اور سردار عبدالرب نشتر کی ٹیمیں شامل تھیں ۔ پانچ دن تک جاری رہنے والی ہاکی لیگ میں مجموعی طور پر قائداعظم محمد علی جناح کی ٹیم نے تین میچز جیت کر پندرہ پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، ڈاکٹر لیاقت علی خان کی ٹیم نے 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ سر سید احمد خان کی ٹیم نے 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن ھاصل کی۔

آخر میں مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ونر کو بیس ہزار، رنر اپ ٹیم کو پندرہ جبکہ تیسرے اور چوتھے پوزیشن جیتنے والی ٹیم کو دس دس ہزار روپے کا اعلان کیاگیا ۔ جبکہ گراس روٹ لیول پرچالیس کھلاڑیوں کیلئے ہاکی سٹکس سمیت لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس اور دیگر ضروری مرمت وتزئین وآرائش کا م کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی فروغ وترقی میں ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ہر ممکن تعاون کریگی ۔