سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے، فلائٹ آپریشن 26 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا، وزارت مذہبی امور

منگل 15 اگست 2017 22:55

مکہ مکرمہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2017ء) حج 2017ء کیلئے سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت 462 پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں جن میں سے 70 ہزار کا تعلق سرکاری جبکہ 37 ہزار کا تعلق پرائیویٹ سکیم سے ہے، حج سے قبل فلائٹ آپریشن 26 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق مکہ مکرمہ میں الله کے مہمانوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچے والے سرکاری سکیم کے عازمین حج کی بڑی تعداد پہلے ہی مکہ مکرمہ پہنچ چکی ہے۔

باقی ماندہ تقریباً 3 ہزار عازمین حج بھی جمعہ 18 اگست تک مکہ مکرمہ روانہ ہو جائیں گے۔ ادھر جدہ کے ذریعے پاکستانی عازمین حج کی آمد 26 اگست تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

اب تک تقریباً 462 پروازوں کے ذریعے 70 ہزار سے زائد سرکاری جبکہ 37 ہزار عازمین حج پرائیویٹ سکیم کے ذریعے سعودی عرب پہنچے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سال کوٹہ بحالی کے بعد پاکستان سے کل ایک لاکھ 79 ہزار 2 سو 10 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے جن میں سے ایک لاکھ 7 ہزار 5 سو 26 سرکاری جبکہ 71 ہزار 6 سو 84 پرائیویٹ سکیم کے ذریعے ادائیگی حج کریں گے۔

پاکستانی عازمین حج کی رہنمائی اور سہولیات کی فراہمی کیلئے اب تک ایک سو 80 سیزنل سٹاف، طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے حج میڈیکل مشن کے تحت 4 سو سے زائد ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف جبکہ بلڈنگز، فوڈ اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کیلئے ساڑھے 4 سو کے قریب معاونین تعینات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مکہ، مدینہ اور جدہ میں خدمات کی فراہمی کیلئے 8 سو کے قریب مقامی معاون بھی تعینات ہیں۔

وزارت مزہبی امور نے اس مرتبہ سہولیات کے معیار کی مانیٹرنگ کو بھی مزید مؤثر بناتے ہوئے سرکاری اور پرائیوٹ دونوں شعبوں کے لیے الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ اب تک ڈھائی سو سے زائد حج گروپ آرگنائزرز کی مانیٹرنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ 60 کے قریب سرکاری رہائشوں کی بھی مانیٹرنگ کی جا چکی ہے۔ مسجد الحرام کے گردونواح میں اب تک 4 ہزار عازمین حج کو صحیح راستے کی جانب رہنمائی فراہم کی گئی جبکہ کھوئے ہوئے 10 عازمین حج کو ان کی رہائش گاہ تک پہنچایا گیا۔

اس کے علاوہ شعبہ گمشدگی و بازیابی نے 7سو کے قریب گمے ہوئے بیگ تلاش کر کے حجاج کے حوالے کئے۔ کال سینٹر پر 4 سو سے زائد عازمین حج کو رہنمائی فراہم کی جبکہ 3 سو سے زائد موصول ہونے والی مختلف شکایات میں سے اڑھائی سو سے زائد کو متعلقہ شعبوں کے ذریعے حل کیا گیا اور باقی پر عمل درآمد جاری ہے۔ جدہ، مکہ مدینہ میں حج میڈیکل مشن پاکستان کے ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں اب تک 31 ہزار مریضوں کو معمولی بیماریوں کی ادویات فراہم کی گئیں جبکہ 12 مریض ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

32 سیریس مریضوں کو سعودی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ اسی طرح معذوروں اور بیماروں کو 195 وہیل چیئرز ایشو کی جا چکی ہیں۔ حج آپریشن 2017ء کامیابی سے جاری و ساری ہے اور تمام شعبوں میں افسران اور سٹاف دن رات شفٹوں میں حجاج کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔

متعلقہ عنوان :