مردان ،ْ تحصیل کونسل مردان نے 2017-18کیلئے ایک ارب چار کروڑ54لاکھ45ہزارروپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا

بدھ 16 اگست 2017 15:40

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) تحصیل کونسل مردان نے مالی سال 2017-18کے لئے ایک ارب چار کروڑ54لاکھ45ہزارروپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا۔کونسل کا اجلاس کنونیئر مشتاق سیماب کی صدارت میں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم محمد ایوب خان نے کہاکہ کونسل کے اتفاق رائے اور افسروں کے تعاون سے پچھلے سال کے خسارے پر قابو پالیا گیا ہے اور آئندہ مالی سال کے لئے بھی کونسل نے جامع منصوبہ بندی کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کونسل کی کارکردگی سے عوام الناس کو باخبر رکھنے کے لئے بہت جلد سالانہ میگزین کا آغاز کررہے ہیں جس میں عوام کی رائے کو بھی اہمیت دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ تحصیل کونسل مردان میں اپوزیشن کونہیں ہے بلکہ سب مل کر علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے کمر بستہ ہیں۔

(جاری ہے)

ایوب خان نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کے فلاح و بہبود کے لئے بہت سے منصوبے رکھے گئے ہیں جس کی تکمیل سے مردان کا شمار ترقی یافتہ تحصلیوں میں ہوگا۔

انہوں نے ارکان کی جانب سے بجٹ تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مختص بجٹ تمام کونسلوںپر یکساں تقسیم کیا جائیگا۔اجلا س سے اراکین کونسل ملک آیاز،ظاہر خان،جاوید خان،سعید عالم بابا،آیاز صافی،شاہ فہد،شاکر خان،عالمگیر،قاری موسیٰ،فرزند علی،عقیلہ سنبل،محمد امین،نسرین بی بی اورشرافت بی بی نے کہاکہ مخصوص نشستوں پر آنے والے ممبران کے فنڈ میں پچاس فیصد اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنی کی کارکردگی جانچنے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی قرار داد پیش کی جسے ایون نے منظور کر لیا۔اراکین کونسل نے قدرتی آفات اور ایکسکویٹر کے فنڈز میں اضا فہ اور صوبائی حکومت کی جانب سے مردان میں شروع کئے گئے ترقیاتی بجٹ کی2.5فیصد سے انجنیئرنگ اور ریگولیشن کے برانچوں کے لئے گاڑیاں خریدنے کا مطالبہ بھی کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل میونسپل افسر محمد آصف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹی ایم اے کے تعاون سے طورو میں 40کروڑ رپے کی لاگت سے میگا پارک تعمیر کرئے گی جس سے ٹی ایم اے کے آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوجائیگا۔بجٹ کی منظوری کے بعد کنونیئر مشتاق سیماب نے اجلاس 29اگست تک ملتوی کر دیا۔

متعلقہ عنوان :