بیرسٹر سلطان محمود کی قیادت میں کشمیریوں کا پیرس میں احتجاجی مظاہرہ

کشمیری مظاہرین گو مودی گو،مودی کشمیریوں کا قاتل،مودی دہشتگرد، بھارتی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو کے نعرے اقوام عالم بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لیں ،ْدنیا کو خاموش تماشائی نہیں بننا چاہیے ،ْ بیرسٹر سلطان

بدھ 16 اگست 2017 17:14

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے موقع پرسینکڑوں کشمیریوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ۔ اس موقع پر مظاہرین گو مودی گو،مودی کشمیریوں کا قاتل،مودی دہشتگرد، بھارتی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو، کشمیر کشمیریوں کا ہے، کشمیر کی آن کشمیر کی شان بیرسٹر سلطان بیرسٹر سلطان،ہے حق ہمارا آزادی، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دو جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے اور انھوں نے اسی طرح کے بینرز، پینا فلیکس اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک تھی۔

(جاری ہے)

اس مظاہرے کی خصوصیت یہ تھی کے اس موقع پر مظاہرین نے صرف آزاد کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت اپنا سترواں یوم آزادی منا رہا ہے جبکہ بھارت جمہوریت نہیں بلکہ دنیا کی سب سے بڑی آمریت ہے جو وہاں پر مقیم اقلیتوں پر مسط ہے۔

جبکہ بھارت میں صرف کشمیری ہی نہیں بلکہ پنجاب آسام، اور دیگر علاقوں* میں بھی لوگ آزادی کی تحریکیں چلا رہے ہیںاور اب بہت جلد بھارت کا شیرازہ بکھرنے والا ہے بھارت بھی بہت سے حصوں میں بٹنے والا ہے جیسا کہ سویت یونین ٹوٹ گیا تھا۔بھارت کشمیر پر جارح ہے اور اس کا کشمیر پر قبضہ غاصبانہ اور جابرانہ ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ دنیا بھر میں کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور فرانس جو کہ سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے وہ کشمیریوں کو ان کا حق دلوانے ، مقبوضہ کشمیر میں مظالم رکوانے اور مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔

انھوں نے کہا کہ اقوام عالم بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لیں۔دنیا کو خاموش تماشائی نہیں بننا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر بھارت کو مجرموں کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے اپنا کردارادا کریں گی۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم یہاں پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہاء نہیں بلکہ ہم انکے شانہ بہ شانہ ہیں اور آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں جبکہ گذشتہ روز ہم سب کشمیریوں نے دنیا بھر میںپاکستان کا جشن آزادی بھرپور انداز میں منایا۔

اس موقع پر زاہد ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پیرس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم انکے ساتھ ہیں اور ہم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بھی یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر فورم پر انکے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے۔اس موقع پر برسلز پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر منظور الہی،پرویز لوسر، ملک پرویز برسلز ،صاحبزادہ عتیق، کامران گھمن، ابرار کیانی، قاری عباس طاہر، آصفہ ہاشمی، نینا خان،طاہرہ سحر، عمران رشید، ممتاز ملک اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔