کوئٹہ شہر کی بہتری کے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے،نواب ثناء اللہ خان زہری

بدھ 16 اگست 2017 19:43

کوئٹہ شہر کی بہتری کے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کوئٹہ شہرمیں بلڈنگ کوڈ پربھرپورطریقے سے عملدرآمدبلڈنگ کوڈ میں ترامیم اورکوئٹہ بلڈنگ کوڈ اتھارٹی کے قیام کی ہدایت کی ہے۔جبکہ انہوں نے کوئٹہ شہر کی بہتری کے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر بھی زوردیاہے۔وزیراعلیٰ نے شہر کی صفائی اورخوبصورتی کیلئے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپورمعاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے وہ میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اُللہ سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے بدھ کے روزیہاں وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران مٹن مارکیٹ کی جگہ مجوزہ تجارتی کمپلیکس کے قیام کے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیرمنصوبہ بندی وترقیات ڈاکٹرحامدخان اچکزئی بھی اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ دنیابھرمیں شہری سہولتوں میں اضافے اورشہروں کی بہتری کیلئے سائنس وٹیکنالوجی کواستعمال کیاجارہاہے ،کیوایم سی بھی دبئی اوریورپ کی طرز پر کوئٹہ شہر کی تعمیر نو کے منصوبے تیار کرے صوبائی حکومت بھرپورتعاون کرے گی۔وزیراعلیٰ نے کیوایم سی کی کارکردگی اوروسائل میں اضافے کے ساتھ ساتھ منصوبوں میں شفافیت کی ضرورت پر زوردیا۔

میئرمیونسپل کارپوریشن کوئٹہ نے کوئٹہ شہر کی صفائی اورخوبصورتی کے منصوبوں میں دلچسپی لینے اوروسائل کی فراہمی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ اداکرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی رہنمائی اورسرپرستی میں شہر کے مسائل کے حل اورشہری سہولتوں میں اضافے کے علاوہ کوئٹہ کو ایک مثالی شہر بنانے کیلئے کیوایم سی اپنا بھرپورکرداراداکرتی رہے گی۔اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ کو مٹن مارکیٹ میزان چوک پرمجوزہ تجارتی کمپلیکس کے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مرکز میں واقع مٹن مارکیٹ کی جگہ کمپلیکس کی تعمیر کا مقصد عوام کو بہترسہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ بھی ہے کمپلیکس میں 440گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے تجارتی مرکز میں ٹریفک کے نظام کی بہتری ممکن ہوسکے گی کمپلیکس میں چارہزارتماشائیوں کی گنجائش کا فٹسال اسٹیڈیم ،73دکانیں،دفاتر،فوڈپوائنٹ،بچوں کیلئے پلے گراؤنڈ کے علاوہ جلسے جلسوں کے انعقاد کیلئے سات ہزارسے زائد افراد کی گنجائش کا ہائیڈ پارک کی طرز کامقام بھی مختص کیاجائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کیلئے کنسلٹنٹس مقررکئے جارہے ہیں،منصوبے پرلاگت کا تخمینہ تقریباً45کروڑروپے ہے جورواں مالی سال میں مکمل کیاجائے گا اس کی تکمیل سے کارپوریشن کو کثیرآمدنی ہوگی اوراس کا صوبائی حکومت پر انحصارکم سے کم ہوگا۔وزیراعلیٰ نے مجوزہ منصوبے کوسراہتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندرمکمل کرلیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :