آرٹیکل 62-63کے خاتمہ کی کوشش کرپشن کو تحفظ دینا ہوگی ،میاں کامران سیف

پاکستان کی 8 کروڑ عوام آرٹیکل62-63کی حامی ہے کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، رہنما پاکستان مسلم لیگ (ق)

بدھ 16 اگست 2017 20:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ نااہل نواز شریف کو بچانے کیلئے آرٹیکل 62-63کے خاتمہ کیلئے قرار داد لانے یا اس کے خاتمہ کی کوشش کرپشن کو تحفظ دینا ہوگی۔پاکستان کی8کروڑ عوام آرٹیکل 62-63کی حامی ہے اور کلمہ کی بنیاد پر حاصل کردہ پاکستان میں چوروں ،لٹیروں اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

میاں کامران سیف نے کہا کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک دولت جمع کرنے ،جائیدادیں خریدنے اور کاروباری ادارے قائم کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے جب حکمران ہی لوٹ مار میں مصروف ہوں تو عام آدمی سے ایمانداری کی توقع کیوں کر کی جاسکتی ہے جب حکمران کے اہل خانہ ہی ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک کاروبار کرینگے تو غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک کے اندر کاروباراور سرمایہ کاری کی ترغیب کسی طرح دی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چوروں لٹیروں کو تحفظ دینے کی کوشش کی گئی تو پاکستانی عوام سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی اور چوروں لٹیروں کو عبرتناک سزا دے گی۔انہوںنے کہا کہ مرکز ،پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے حکومت اپنے اراکین کو مستعفی کروائے اور عوام سے رجوع کرے تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے ۔عوامی مینڈیٹ لینے والے نیب میں مقدمات کا سامنا کریں اگر بری ہوجائیں تو عوامی عدالت میں جائیں اگر سزا وار ہوں تو لوٹی ہوئی دولت واپس کریں عوام کو گمراہ مت کریں۔