اس الیکشن میں ملکہ عالیہ بیگم کلثوم نواز نے اپنے دیور شہباز شریف کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے،فیصل میر

بیگم کلثوم نواز نے جو اثاثے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کئے ہیں ان کی مالیت صرف 2 کروڑ 17 لاکھ ہے جو قوم کے ساتھ بڑا مذاق ہے، این اے 120 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 16 اگست 2017 20:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) لاہور سے حلقہ این اے 120 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر نے کہاہے کہ اس الیکشن میں ملکہ عالیہ بیگم کلثوم نواز نے اپنے دیور شہباز شریف کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج وہ میڈیا کو وہ ثبوت دینگے جس سے بیگم کلثوم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوجائیںگے انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے جو اثاثے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کئے ہیں ان کی مالیت صرف 2 کروڑ 17 لاکھ ہے جو قوم کے ساتھ بڑا مذاق ہے انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز شریف نے گزشتہ مالی سال کے دوران صرف 83 ہزار کا ٹیکس ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن راجہ ظفر الحق کے نام پر رجسٹرڈ نہیں ہے انہوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ اسی حلقے کی پی ٹی آئی کی امیدوار یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی کو بھی مسترد کیا جائے جبکہ بیرون ملک فنڈنگ لینے کی پاداش میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان بھی نااہل ہو رہے ہیں ۔