لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کو مسلم لیگ ن کے سربراہ کے عہدہ پر برقرار رکھنے کے لئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا

بدھ 16 اگست 2017 21:07

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کو مسلم لیگ ن کے سربراہ کے عہدے پر برقرار رکھنے کے لئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار اظہر اقبال بٹ نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل سترہ کی شق دو کے تحت نااہل شخص بھی پارٹی کے سربراہ کے عہدے پر برقرار رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی نااہل شخص کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کے لئے آئین میں کوئی قدغن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کی شق پانچ آئین سے متصادم ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کی شق پانچ کوآئین سے متصادم ہونے کی بناء پر کالعدم قرار دے۔جس پر فاضل عدالت نے نوازشریف کو ن لیگ کے سربراہ کے عہدے پر برقرار رکھنے کے لئے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔