نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران و کارکنان کا ’’آزادی ٹرین‘‘ دیکھنے کیلئے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ

ہماری قومی تاریخ و ثقافت کو اجاگر کرتی ’’آزادی ٹرین‘‘ نے جشن آزادی کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیئے، شاہد رشید

بدھ 16 اگست 2017 21:14

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران و کارکنان نے سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید کی قیادت میں وطن عزیز کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان ریلویز کی جانب سے چلائی گئی ’’آزادی ٹرین‘‘ کا لاہور ریلوے اسٹیشن پر دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد رشیدنے کہا کہ ہماری قومی تاریخ و ثقافت کو اجاگر کرتی ’’آزادی ٹرین‘‘ نے جشن آزادی کی خوشیوں کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔

امن‘ اتحاد اور آزادی کی علامت یہ آزادی ٹرین 71ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان ریلویز اور وزارت اطلاعات کا پاکستانی عوام کو ایک خوبصورت تحفہ ہے۔ اس اقدام پر یہ محکمے اور خواجہ سعد رفیق خصوصی طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ثقافت اور تہذیب و تمدن کو ظاہر کرتی یہ خصوصی ٹرین حصول آزادی کی خاطر قربانیاں دینے والوں کے ساتھ ساتھ اس آزادی کی حفاظت اور بقا ء کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتی نظر آتی ہے۔

آزادی ٹرین میں پاک فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے تعاون سے تیار کردہ خصوصی بوگی میں موجود شہداء کی تصاویر دیکھ کر نئی نسل میں ان کے بارے میں احترام کے جذبات بیدار اور ان کی خدمات سے آگہی ہوتی ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ آزادی ٹرین ملک کے کونے کونے تک امن‘ محبت اور اتحاد کا پیغام پہنچائے گی۔ اس ٹرین کو چلانے کا مقصد پورے پاکستان کو یکجا کرنا ہے اور یہ ٹرین تمام پاکستانیوں کو بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔

آزادی ٹرین جہاں عوام کے درمیان جذبہ حب الوطنی اجاگر کرے گی وہیں پاکستان کی تحریک آزادی کی جدوجہد کے مختلف پہلوئوں اور ملکی تہذیب و ثقافت کو بھی نمایاں کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوگی۔ میری تجویز ہے کہ اس’’آزادی ٹرین‘‘ کو ملک کے تمام علاقوں میں لیجایا جائے۔ لاہور ریلوے سٹیشن پہنچنے پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے ،لاہور سفیان ڈوگر اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پاکستان ریلوے نجم ولی خان ودیگر حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ریلوے اسٹیشن پر ہزاروں افراد ثقافتی فلوٹ اور خوبصورت فن پارے دیکھنے آرہے ہیں جن میں تحریک پاکستان‘ مسلح افواج کی قربانیوں‘ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی اور ملک کے مختلف حصوں کی ثقافت کی عکاسی کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :