ڈپٹی کمشنر بالاچ عزیز بلوچ سے وائس چانسلر سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی رخسانہ جبین کی ملاقات

بدھ 16 اگست 2017 21:22

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر بالاچ عزیز بلوچ سے بدھ کو ریسٹ ہاؤس پشین میں وائس چانسلر سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی رخسانہ جبین نے ملاقات کی اس مو قع پر وائس چانسلر نے سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی سب کمیپس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بتاتے ہوئے کہا کہ ملیزئی عوام کی جانب سے سب کمیپس کو 200ایکڑ زمین دی گئی ہے جس پر دو ار ب روپے کا پروجیکٹ بھی تیار کرلیا گیا ہے لیکن اراضی کی دستاویزات کا مر حلہ سست روی کا شکار ہے اراضی کی عدم فراہمی اور تعمیرات نہ ہونے کے باعث طالبات کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے اس وقت گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج پشین میں سب کیمپس کو آٹھ کمرے دیئے گئے ہیںجس میں چار مضامین پڑھانے کی گنجائش ہے کلاسز کا آغاز عید الاضحی کے بعد کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

ملیزئی میں سب کیمپس کیلئے دی جانیوالی اراضی پر کام مکمل ہونے سے 12مضامین ،ڈیجیٹل لیب ،ہاسٹل اور ویڈیو لنک کلاسزکا آغاز کیا جائیگا بلوچستان کے تین اضلاع پشین ،خضدار ،نوشکی کی ایک ہی ساتھ اپروول دی گئی ہے جس میں خضدار اور نوشکی کے کلاسز روزانہ کی بنیادوں پر جاری ہیں اور سمیسٹر بھی مکمل ہونے جارہے ہیں لیکن بدقسمتی سے پشین میں کلاسز تو کیا بلڈنگ بھی تعمیر نہیں کی جاسکی ہے انہوںنے کہا کہ گورنمنٹ گرلز کالج پشین کے سب کیمپس کے چار مضامین میں اسلامیات کا مضمون بھی رکھا گیا ہے جسکا مقصد ان طالبات جو دین اور مذہب کے اصولوں کو جاننا ضروری اور پسند کرتی ہیں ۔

وفد میں ڈائریکٹر سب کیمپس اشرف کاکڑ آئی ٹی ڈائریکٹر محمد جاوید پبلک ریلیشن آفیسر ایس بی کے اکرم خان ترین اور انجینئر محمد ماجد بھی شریک تھے۔ اس مو قع پر ڈپٹی کمشنر بالاچ عزیز نے کہا کہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے سب کیمپس کیلئے جو اراضی دی گئی ہے اس حوالے سے انہیں درخواست دی جائے تاکہ جلد اس پر عمل درآمد کو یقینی بناکر مذکورہ اراضی پر تعمیرات شروع کی جائے اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں انتظامیہ کی کاوشوں سے جو کمرے دیئے گئے ان میں جلد کلاسز کا آغاز کیا جائے تاکہ طالبات کا وقت ضائع ہونے سے بچ سکے ڈپٹی کمشنر نے متبال VIRTUALیونیورسٹی کی خالی بلڈنگ کا دورہ کرکے وائس چانسلر مس رخسانہ جبین کو بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بلڈنگ کے حوالے سے جلد اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے طالبات کی تعلیم کیلئے ہر ممکن تعاون کیاجائے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے میں بہترین اقدامات کررہی ہے۔ پشین ایک پرامن ضلع ہے علاقے کے عوام انتہائی با شعور اور تعلیم دوست ہیں ۔

متعلقہ عنوان :