سندھ حکومت نے آبادگاروں کو دیوار سے لگا دیا ہے، رہنماء جماعت اسلامی

گذشتہ سال آبادگاروں کے لیے سبسڈی دیکر سستے ٹریکٹر دینے کا بجٹ میں اعلان کیا مگر ٹریکٹر آبادگاروں کے بجائے پنجاب اور کے پی کے کے ڈیلروں کو فروخت کردئیے گئے

بدھ 16 اگست 2017 22:35

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 اگست2017ء) جماعت اسلامی سندھ کے رہنما عبدالحفیظ بجارانی نے کہا ہے کہ سندھ بنیادی طور پر ایک زرعی صوبہ ہے مگر سندھ حکومت نے آبادگاروں کو دیوار سے لگا دیا ہے، گذشتہ سال آبادگاروں کے لیے سبسڈی دیکر سستے ٹریکٹر دینے کا بجٹ میں اعلان کیا مگر وہ ٹریکٹر آبادگاروں کے بجائے پنجاب اور کے پی کے کے ڈیلروں کو فروخت کردئیے گئے ستم ظریفی یہ ہے کہ اس میگا کرپشن پر کسی ادارے نے سندھ حکومت سے پوچھا تک نہیں ،انہوں نے کہا کہ محسوس تو یہ ہوتا ہے کہ سندھ میں سارے ادارے چھپ ہوگئے ہیں اور جنگل کا قانون ہے ،انہوں نے کہا کہ سندھ کے آبادگاروں سے ایک طرف سندھ حکومت کا ناروا اور ظالمانہ سلوک ہے تو دوسری جانب آبادگاروں کو پیسٹی سائیڈ کمپنیاں لوٹ رہی ہیں غیر معیاری ادویات اور بیج نے سندھ کے آبادگاروں کو زمین بیچنے پر مجبور کردیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ٹریکٹر اسکیم میں کرپشن پر سندھ ہائی کورٹ سوموٹو نوٹس لے کر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور آبادگاروں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :