عراق میں داعش کے خودکش بم حملے میں سات سکیورٹی اہلکار ہلاک

داعش کے پانچ خود کش بمباروں نے بیجی کے علاقے المسفی میں واقع پولیس اور فوج کے ایک اڈے پر حملہ کیا ،وزارت داخلہ

جمعرات 17 اگست 2017 13:34

عراق میں داعش کے خودکش بم حملے میں سات سکیورٹی اہلکار ہلاک
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) عراق کے دارالحکومت بغداد سے شمال میں واقع شہر بیجی میں داعش کے خودکش بم حملے میں سکیورٹی فورسز کے سات اہلکار ہلاک اور چھے زخمی ہوگئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق عراق کی وزارت داخلہ اور مقامی حکام نے کہاکہ داعش کے پانچ خود کش بمباروں نے بیجی کے علاقے المسفی میں واقع پولیس اور فوج کے ایک اڈے پر حملہ کیا ۔

انھوں نے بارود سے بھری بیلٹس پہن رکھی تھیں۔وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل سعد معن نے بم دھماکوں اور فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے سات اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔انھوں نے بتایا کہ داعش کے پانچوں خودکش بمبار ہلاک ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ داعش کے جنگجوؤں نے جون 2014ء میں بغداد سے قریباً 200 کلومیٹر شمال میں واقع بیجی اور وہاں واقع عراق کے تیل صاف کرنے کے بڑے کارخانے پر قبضہ کر لیا تھا اور معمولی جھڑپوں کے بعد سکیورٹی فورسز کے اہلکار وں کو ماربھگایا تھا۔

(جاری ہے)

یہ شہر بغداد سے شمالی شہروں کی جانب جانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع ہے اور عراقی سکیورٹی فورسز نے ایک طویل لڑائی کے بعد 2015ء کے آخر میں بیجی پر دوبارہ قبضہ کر لیا تھا ۔اس کے بعد انھوں نے مغربی صوبے الانبار اور پھر موصل کی جانب پیش قدمی کی تھی اور وہاں بھی داعش کو شکست سے دوچار کیا ہے۔بیجی میں اس بم حملے کی اطلاع منظرعام پر آنے سے چندے قبل عراقی سکیورٹی فورسز نے شمالی شہر تلعفر میں داعش کے خلاف ایک نئی کارروائی شروع کی ہے اور ا س کے لڑاکا طیاروں نے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔