امریکہ سے درآمد شدہ 4 ہزار ہارس پاور کے جدید کمپیوٹرائز 55 لوکو موٹیوز پاکستان ریلویز کے لوکو موٹیوز فلیٹ کا حصہ بن گئے

جدید انجن جدت کی راہ پر گامزن پاکستان ریلویز کی آمدن میں اضافہ کا باعث بنیں گے، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

جمعرات 17 اگست 2017 18:25

امریکہ سے درآمد شدہ 4 ہزار ہارس پاور کے جدید کمپیوٹرائز 55 لوکو موٹیوز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2017ء) امریکہ سے درآمد کردہ چار ہزار ہارس پاور کے جدید کمپیوٹرائز 55 لوکو موٹیوز پاکستان ریلویز کے لوکو موٹیوز فلیٹ کا حصہ بن گئے ہیں۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے جدید انجنوں کے فلیٹ کا حصہ بننے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل انصرباللہ، انتظامیہ اور کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جدید انجن پاکستان ریلوے کے کماؤ پوت ہیں جو بحالی اور جدت کی راہ پر گامزن پاکستان ریلویز کی آمدن میں اضافہ کا باعث بنیں گے اور یہ قومی ادارہ ملک کی صنعتی اور کاروباری برادری کی بہتر طور پر خدمت اور ملکی معیشت میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کر سکے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اب دوسرے مرحلے میں بولان سیکشن میں پسنجر ٹرینوں کیلئے 20 خصوصی انجن درآمد کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں ڈائنامکس بریکس کے حامل انجنوں کی درآمد اگلے برس کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلویز لوکوموٹیوز کے حوالہ سے آنے والے دنوں کی ضروریات سے مکمل آگاہ ہے اور اس حوالہ سے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ 2025ء تک نئے اور جدید انجنوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 300 انجنوں کی خریداری کیلئے پی سی ون تیار کرکے پلاننگ کمشن کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان ریلویز میں انقلابی تبدیلیاں آ رہی ہیں اور ایک جدید ریلوے کے قیام کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔