آرمی چیف سے پولینڈ بری فوج کے سربراہ کی ملاقات

خطے کی صورتحال ، دوطرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا پولش کمانڈر نے جنرل ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں پہچنے پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، یادگاہ شہداء پر حاضری ، پھول چڑھائے ، آئی ایس پی آر

جمعرات 17 اگست 2017 21:51

آرمی چیف سے پولینڈ بری فوج کے سربراہ کی ملاقات
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولینڈ کے بری فوج کے سربراہ بریگیڈیئر وویچ گرانوشی نے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق پولش کمانڈر نے جنرل ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں پہچنے پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ بریگیڈیئر وویچ گرانوشی نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پولش ہم منصب میں ملاقات ہوئی جس میں دفاع، تربیت، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے جبکہ متعلقہ حکام نے پولش وفد کو پاک فوج کے آپریشنل، تربیتی سمیت دیگر سرگرمیوں پر بریفنگ دی جس پر ان کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا، بریگیڈیئر گرانوشی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے کردار کی تعریف کی اور امید کا اظہار کیا کہ پاک فوج دہشتگردی اور انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔