چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس،پی ایس ڈی پی پروگرام کا جائزہ لیا گیا

رواں مالی سال میں بیشتر جاری اورنئے ترقیاتی منصوبے مکمل کر لئے جائیں گے،موجودہ بجٹ میں تعلیم ، صحت ، امن و امان، شاہراہوں کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، اجلاس میں اعلی افسران کی بریفنگ

جمعرات 17 اگست 2017 23:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اگست2017ء) چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگ زیب حق کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پی ایس ڈی پی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان نصر اللہ جان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر عمر بابر سمیت تمام انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے پی ایس ڈی پی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال میں بیشتر جاری اورنئی اسکیمات مکمل کرلی جائیں گی۔

(جاری ہے)

موجودہ بجٹ میں تعلیم ، صحت ، امن و امان، شاہراہوں کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ جس سے صوبے میں غیر معمولی ترقی ہوگی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام محکموں کو فنڈز کی فراہمی اور ترقیاتی اسکیمات کے پی سی ون کی بروقت تیاری کو ممکن بنایا جائے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کی شناختی کارڈ کی تصدیق نادرا سے کرائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکموں میں بھرتیوں کے عمل کو شفاف طریقے سے یقینی بنایا جائے تاکہ اہل افراد کو ان کا حق مل سکے ۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس کے شرکاء کو وقت کی پابندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔