نوجوان داعش سے منسلک تنظیموں سے بھی بہت زیادہ محتاط رہیں ،ْ آرمی چیف

جنرل قمر جاوید باجوہ پورا یقین ہے پاکستانی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیوں کا ادراک ہے ،ْ نوجوان ملک کو امن و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے ،ْ آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو

جمعرات 17 اگست 2017 23:36

نوجوان داعش سے منسلک تنظیموں سے بھی بہت زیادہ محتاط رہیں ،ْ آرمی چیف
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ نوجوان داعش سے منسلک تنظیموں سے بھی بہت زیادہ محتاط رہیں کیونکہ پڑھے لکھے نوجوان داعش کا بڑا ہدف ہیں۔میڈیار پورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ کا دورہ کیا جہاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ان کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے آئی ایس پی آر میں انٹرن شپ کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی اور کامیابی سے انٹرنشپ مکمل کرنے والے نوجوانوں کو مبارک باد دی۔اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے اور اللہ نے پاکستان کو ذہین اور متحرک نوجوانوں سے نوازا ہے جب کہ پورا یقین ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیوں کا ادراک ہے اور نوجوان ملک کو امن و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان کامیابی کے لیے شارٹ کٹس کی طرف نہ جائیں بلکہ میرٹ اور قانون کی حکمرانی پر عمل کریں جبکہ کامیابی و ترقی کے لیے اللہ پر ایمان، والدین کا احترام ، سخت محنت پرانحصار کریں۔آرمی چیف نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ پاک فوج انہیں محفوظ اور مستحکم پاکستان فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور فوج اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے انہوںنے کہاکہ تشدد اور دہشت گردی سے ملک کونجات دلانے میں پاک فوج نے عظیم کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طلبا سوشل میڈیا پر معائدانہ بیانیہ سے چوکس رہیں اور نوجوان داعش سے منسلک تنظیموں سے بھی بہت زیادہ محتاط رہیں کیوں کہ پڑھے لکھے نوجوان داعش کا بڑا ہدف ہیں۔