ریلوے اراضی کی 95 فیصد ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرلی ہے ،ْوزیر ریلوے سعد رفیق

‘ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں‘ کسی کو ریلوے کی ایک انچ زمین نہیں دیں گے ،ْقومی اسمبلی میں وقفہ سوالات

جمعرات 17 اگست 2017 23:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2017ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے اراضی کی 95 فیصد ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرلی ہے‘ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں‘ کسی کو ریلوے کی ایک انچ زمین نہیں دیں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ 1987ء میں ریلوے کی زمینوں کا جمعہ بازار لگا ہوا تھا‘ زمینوں کی بندربانٹ کی جارہی تھی ،ْجمعہ گوٹھ کی جو اراضی پہلے دی جاچکی ہے وہ دی جاچکی ہے لیکن اب کسی کو ایک انچ ریلوے کی زمین نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کالا پل کے قریب ریلوے کا مہنگا پلاٹ ہے۔ ہم اس کا کمرشل استعمال کرنا چاہتے تھے ،ْ صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان نے اراضی ریلوے کے نام کردی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ اور پنجاب تعاون نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی اراضی کا ریکارڈ بہت پرانا اور خراب تھا۔ ریلوے اراضی کی 95 فیصد ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرلی ہے۔ ریلوے اراضی پر کچھ قانونی اور غیر قاننی قبضہ تھا ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے سالانہ اہداف کی بنیاد پر قبضہ مافیا سے اراضی واگزار کرا رہے ہیں ،ْبعض جگہوں پر ریلوے ملازمین کی ملی بھگت اور عدالتوں سے سٹے لے کر قانونی قبضہ کیا گیا ہے ،ْگزشتہ چار سال سے ریلوے اراضی پر کوئی قبضہ نہیں ہوا۔

کچی آبادیوں کے خلاف کارروائی نہیں کر رہے ۔انہوں نے کہا کہ سات لیول کراسنگ پچھلے پانچ سال میں مکمل ہوئے تھے ہم نے چار سال میں 120 لیول کراسنگ نصب کئے۔ اب ان لیول کراسنگ پر ٹریفک سگنل لگا رہے ہیں جس کا ماڈل تیار ہوگیا ہے۔ سٹاف کے فزیکل ٹیسٹ لے رہے ہیں۔ آگہی مہم چلائی ہے۔ کوہاٹ سے راولپنڈی کے لئے ریل سروس کو اپنے دور اقتدار میں بحال کریں گے۔

اس ٹریک کو 80 فیصد تیار کرلیا ہے۔ کوہاٹ ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن کر رہے ہیں۔ ہماری زرعی اراضی کی لیز دو سے تین سال ہوتی ہے۔ ساہیوال میں کول پاور پلانٹ کو کوئلہ فراہم کر رہے ہیں۔ کارگو کی آمدنی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربان لائن کے قریب دکانیں ہیں ان کو کوئی رعایت نہیں دے سکتے۔ دکانیں سیل کی ہیں ‘ گرائی نہیں‘ انہیں حکومت کی جگہ کا کرایہ دینا ہوگا۔ لاہور میں ریلوے کے ساتھ پارک بنا رہے ہیں۔