پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط سیاسی اور اقتصادی تعلقات ہیں

وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک کی ترک سفیر بابرگرگن سے گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 10:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط سیاسی اور اقتصادی تعلقات ہیں،ہمیں سیاسی اقتصادی شعبوں میں اچھے تعلقات کو مساوی، دیرپا اور مضبوط تعلقات میں بدل دینا چاہئیے۔یہاں ترکی کے سفیر بابرگرگن سے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے دو طرفہ مضبوط سیاسی اور اقتصادی تعلقات ہیں اور یہ دونوں ممالک کے عوام کے مابین تاریخی اور جذباتی تعلق کو مضبوط بناتے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی اقتصادی شعبوں میں اچھے تعلقات کو مساوی، دیرپا اور مضبوط تعلقات میں بدل دینا چاہئیے۔اس موقع پرسیکرٹری تجارت یونس ڈھاگہ نے واضح کیا کہ ترکی نے ٹیکسٹائل کے شعبہ میں اضافی ڈیوٹیاں عائد کی ہیں اور زرعی مصنوعات پر بڑے ہائوسنگ فنڈز عائد کئے گئے ہیں جس کے بعد پاکستانی مصنوعات ترکی کی مارکیٹوں میں مسابقت بر قرار رنہیں رکھ سکیں ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری نے سفیر کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان ترکی کو وہ بہترین تجارتی مراعات پیش کرنے کا خواہاں رہا ہے جو کہ آزادانہ تجارتی معاہدہ رکھنے والے کسی بھی پارٹنر کو دی گئی ہیں ۔اور اب توقع ہے کہ ترکی بھی اسی کے بدلے میںایساہی کرے گا۔ سیکرٹری تجارت نے کہا کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت نے آزادانہ تجارتی معاہدہ کے لئے مذاکرات جلد از جلد مکمل کرنے کا مشترکہ طور پر اظہار بھی کیا ہے ۔ پاکستان میں ترکی کے سفیر بابر گرگن نے نئے وزیر تجارت کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے تمام تحفظات متعلقہ حکام تک پہنچا دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے بھائی چارے پر مبنی تعلقات کی عکاسی دونوں ممالک کی دو طرفہ تجارت میں بھی ہونی چاہئیے۔

متعلقہ عنوان :