کیسز کے تناسب سے پنجاب کے اضلاع میں ججز کی تعیناتیاں ہوں گی، پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں کیس مینجمنٹ پلان نافذ کردیاگیا ، ججز کیلئے کالے رنگ کا گائون پہننا لازمی قرار دیدیا گیا ، زیر التواء مقدمات کونمٹانے کیلئے ججز کی کمی کوجلد پورا کر لیا جائے گا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ

جمعہ 18 اگست 2017 17:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ کیسز کے تناسب سے پنجاب کے اضلاع میں ججز کی تعیناتیاں ہوں گی، پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں کیس مینجمنٹ پلان نافذ کردیاگیا ہے، اس امر کا اظہار لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے جمعہ کوکورٹ رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ دیوانی مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئے ضلعی عدلیہ کے مخصوص بنچز بنا دئیے گئے ہیں اورججز کے ناموں کی تختیاں تبدیل کرکے ان کے نام کے ساتھ کیسز کی سماعت کے لیے عدالت کی کیٹیگری بھی درج ہوگی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بتایا کہ یکم ستمبرسے ماتحت عدلیہ کے ججز کیلئے کالے رنگ کا گائون پہننا اور عدالتی عملے کیلئے مخصوص یونیفارم پہننا لازم کر دیا گیا ہے، خلاف ورزی کرنے پر ڈسپلنری کارروائی عمل میں لائی جائے گی،چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ پنجاب کی عدلیہ میں جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات لائی جارہی ہیں جس سے سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مدد ملے گی ،پرانے مقدمات جلد نمٹانے اور زیر التواء مقدمات کونمٹانے کیلئے ججز کی کمی کوجلد پورا کر لیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ سے سول ججز کے امتحانات لئے جائیں گے۔