اس پر بات کر کے پنڈورا باکس نہیں کھولنا چاہتا، چیف جسٹس کے بیان پر دکھ ہوا، پاکستان بننے کے بعد دو قومی نظریہ دفن ہو چکا ہے، قائداعظم نے آئین ساز اسمبلی سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان اس میں بسنے والی تمام قوموں کا ہے،

آئین اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے سب قصور وار ہیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 18:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیان پر دکھ ہوا، اس پر بات کر کے پنڈورا باکس نہیں کھولنا چاہتا، پاکستان بننے کے بعد دو قومی نظریہ دفن ہو چکا ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے آئین ساز اسمبلی سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان اس میں بسنے والی تمام قوموں کا ہے، آئین اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے سب قصور وار ہیں۔

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی اقلیتوں کے بارے میں خیالات سن کر افسوس ہوا، پاکستان بنتے ہی دو قومی نظریہ دفن ہو گیا تھا، پاکستان کی پہلی آئین ساز اسمبلی میں قائد اعظم محمد علی جناح نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک امن کیلئے بنایا گیا تھا اور یہ پاکستان میں بسنے والی تمام قوموں کیلئے ہے، پاکستان کے قومی جھنڈے میں سبز رنگ تمام قوموں کو ظاہر کرتا ہے اور سفید رنگ امن کو ظاہر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی کے حوالے سے رضا ربانی کی جانب سے تجویز کیا گیا، ڈائیلاگ کے حوالے سے آئین اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا، لیکن بیٹھ کر آئین کی بالادستی کیلئے کوئی فیصلہ ہوتا ہے تو اچھی بات ہے، نواز شریف نے رضا ربانی کی تجویز کی حمایت کی ہے، جمہوریت اور آئین کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ کوئی ایک ادارہ نہیں اس میں سب قصور وار ہیں جس میں ریاستی جماعتیں، عدلیہ اور عسکری ادارے شامل ہیں۔