پی آئی اے نے گزشتہ چار سالوں میں ہیروئن سمگلنگ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے

مئی 2013ء سے مئی 2017ء تک 11 جہازوں سے تین من ہیروئن پکڑی گئی،رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش

جمعہ 18 اگست 2017 18:49

پی آئی اے نے گزشتہ چار سالوں میں ہیروئن سمگلنگ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) پی آئی اے نے گزشتہ چار سال میں ہیروئن سمگلنگ کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، مئی 2013ء سے مئی 2017ء تک پی آئی اے کے 11 جہازوں سے تین من ہیروئن پکڑی گئی ۔ پارلیمنٹ میں پی آئی اے کی کارکردگی اور ہیروئن سمگلنگ بارے پیش کی گئی رپورٹ نے حکومت کے ہوش اڑا دیئے ہیں رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی ائرپورٹ پر انسداد منشیات فورس نے چھ مرتبہ پی آئی اے کے جہازوں میں رکھی گئی کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن کو برآمد کیا جبکہ اسلام آباد میں صرف دو جہاز اے این ایف کے قابو آسکے ہیروئن کی سمگلنگ میں ملوث پی آئی اے کے 198 ملازمین کیخلاف کارروائی کی گئی پی آئی اے کی تمام پروازوں سے برآمد ہونیوالی ہیروئن انٹرنیشنل فلائٹس میں رکھی گئی تھی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیروئن کی سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں خاکروب سے لیکر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیدار بھی ملوث ہیں چشم کشا دستاویزات کے مطابق میلان میں پی آئی اے کے سٹاف کے بیگز کی تلاشی لی گئی تو ہیروئن برآمد ہوئی اسی طرح پی آئی اے کی انٹرنیشنل فلائٹ سے برطانوی بارڈر فورس نے بھی منشیات برآمد کی ۔

(جاری ہے)

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں سکیورٹی ایجنسی نے پی آئی اے کے طیارے سے نو کلو ہیروئن برآمد کی اور سرکاری طور پر پاکستان حکومت کو اطلاع دی گئی جس سے حکومت پاکستان کو شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا علاوہ ازیں میلان اور ٹورنٹو میں دیگر پی آئی اے فلائٹس سے ہیروئن کے ساتھ ساتھ ممنوعہ اشیاء برآمد کی گئیں رپورٹ کے مطابق گیارہ جہازوں کی تلاشی لینے پر تین من ہیروئن برآمد کی گئی لیکن اے این ایف حکام کو اس وقت پریشانی کا سامنا ہے کہ یہ وہ جہاز تھے جوکسی نہ کسی طرح اطلاع پر پکڑے گئے جو ہیروئن پکڑی نہیں گئی اور مافیا انتہائی مہارت سے اسے دنیا بھر میں لے جانے میں کامیاب ہوگیا اس کی مقدار کتنی ہوسکتی ہے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مکروہ دھندے میں پی آئی اے کے اعلیٰ افسران اور چھوٹے اہلکاروں سمیت افغانی گروپ ملوث ہے رپورٹ کے مطابق سینئر ائر ہوسٹس مایا فخری بھی اس دھندے میں ملوث تھیں اور ان کا کیس ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے دنیا بھر می اس وقت پی آئی اے اچھی ائر لائن ہونے کی بجائے ہیروئن کی سمگلنگ کیلئے بدنام ہوچکی ہے اور گزشتہ چار سال میں مافیا نے پی آئی اے کو ہیروئن کی سمگلنگ کیلئے انتہائی بے دردی سے استعمال کیا اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کی حکومت دنیا بھر کے ائرپورٹس پر پی آئی کا عملہ زیر حراست ہونے کے باوجود اس دھندے کو روکنے کیلئے موثر اقدامات نہیں کرسکی