حکومت نیکٹا کو مزید فعال بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی‘ نیکٹا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنائے، پاکستان کو آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے امن کا گہوارہ بنانا ہے

وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کینیکٹا کے دورہ کے موقع پر گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیکٹا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے ‘حکومت نیکٹا کو مزید فعال بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی ‘نیکٹا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ وہ جمعہ کو وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے نیکٹا کے دورہ کے دوران گفتگوکر رہے تھے ۔

نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا احسان غنی نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے وفاقی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ نیکٹا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے‘ حکومت نیکٹا کو مزید فعال کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی‘ نیکٹا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت دی کہ نیکٹا تمام صوبوں اور اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو انتہا پسندی کی سوچ سے بچانے کے لیے ٹھوس بیانیہ بنانے کی ضرورت ہے‘دہشت گردی کے رحجانات کو ختم کرنے کے لئے انتہاپسند سوچ پر تحقیق کو آگے بڑھایا جائے اور عطیات کی وصولی کے حوالے سے فوری قانونی ضابطہ کار مرتب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے امن کا گہوارہ بنانا ہے‘ہمارا مشن دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا اور امن قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ معیشت کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی، محلہ دار اپنے ہمسائیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں ‘پورے معاشرے کو اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ہم آہنگی سے کام کرنا ہو گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیکٹا کو امتیازی اور مثالی ادارہ بنائیں گیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال 2008ء میں قائم ہونے والے اس ادارے کا دورہ کرنے والے پہلے وزیر داخلہ ہیں ۔