بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے،سوچی سمجھی سازش کے ذریعے ملک کا امن خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، وفا ق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ قاری محمد حنیف جالندھری کا ملتان میں وزارت مذہبی امور کی تقریب سے خطاب

جمعہ 18 اگست 2017 20:31

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) وفا ق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلی قاری محمد حنیف جالندھری نے کہاہے ملک وقوم کی ترقی اور بھائی چارے کے فروغ میںدینی مدارس کا اہم کردار ہے ،مدارس کے معلمین اور طلباء نے قیام پاکستان سے لیکر اب تک پاکستان کی ترقی اور معاشرے کی تشکیل میںہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے سوچی سمجھی سازش کے ذریعے ملک کا امن خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، تمام پاکستانیوں کو بلا تفریق متحد ہوکر ملک میں امن و امان کے قائم اور بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر نا چاہیے تاکہ ملک امن و گہوارہ بن سکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز وزارت مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی ڈائریکٹوریٹ آف ملتان کے زیر اہتمام جید علماء کرام کے اعزاز میںدیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر حج ملتان ریحان عباس کھوکھر، علامہ زبیر احمدصدیقی ، علامہ طاہر سعید کاظمی ،، علامہ خالد محمود ندیم علامہ عنایت اللہ رحمانی ، علامہ حافظ فاروق خان سعیدی ، قاری سلیم بلالی، علامہ نجم الحسن ، پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس صہیب،علامہ احمد حنیف جالندھری، مہر مزین عباس چاون، مولانا عمیر احمد صدیقی، رانا آصف ، اجمل باجوہ، منصور عباس گردیزی، سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر نے کہاہے کہ دہشت گردملک و قوم کے لئے ناسور ہیں جن کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔ سوچی سمجھی سازش کے ذریعے فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرناہوگا ۔