میاں صاحب ہمیشہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ہماری حکومتیں گراتے رہے ہیں، قمر زمان کائرہ

ہم نے ہمیشہ ایجنسیوں کی مخالفت کے باوجود انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے ووٹ حاصل کئے ، صدرپاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب

جمعہ 18 اگست 2017 20:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب ہمیشہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ہماری حکومتیں گراتے رہے ہیں جبکہ ہم نے ہمیشہ ایجنسیوں کی مخالفت کے باوجود انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے ووٹ حاصل کئے ہیںبلاول ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیرعظم میاں نواز شریف نے نیب میں پیش نہ ہو کر ایک مرتبہ پھر قانون شکنی کا مظاہرہ کیا ہے اور میاں صاحب اپنے پیش نہ ہونے کا یہ جواز بنایا ہے کہ ان کو نیب کی جانب سے کوئی نوٹسز موصول نہیں ہوئے جبکہ اب یہ بات ڈھکی چھپی نہیں کہ گزشتہ روز تمام میڈیا چینلز پر نیب میں شریف فیملی کی پیشی اور ان پر بنائے گئے ریفرنس کی تمام تفصیلات چلتی رہی ہیں پھر میاں صاحب کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ انہیں نیب کی جانب سے کوئی نوٹسز موصول نہیں ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف فیملی اب عدالتوں سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتی بہتر ہوگا کہ میاں صاحب اپنے کرموں کا پھل پاتے ہوئے عدالتوں کا سامنا کریں اور اپنے اوپر قائم کئے گئے ریفرنسز کا جواب عدالتوں میں جا کر دیں نیب میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی طلبی کے بعد اب میاں صاحب کا یہ کہنا ختم ہونا چاہئے کہ ان کو بطور وزیراعظم کے عہدے سے کیوں ہٹایا گیا ہے کیونکہ نیب میں بنائے گئے ریفرنس میں ان کی کی گئی کرپشن کی تحقیقات ہونی ہیں انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ نیب کو میاں صاحب پر عائد کرپشن کے الزامات کی انکوائری کرنے کا حکم سپریم کورٹ آف پاکستان نے دے رکھا ہے میڈیا کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کااحترام کیا ہے اور اپنے خلاف دائر کئے گئے مقدمات کا سامنا کیا ہے جبکہ شریف فیملی پہلی بار احتساب کے شکنجے میں آئی ہے اس لئے انہیں اب سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ کیاکریں انہوں نے کہا کہ آج کچھ بھی میاں صاحب کے ساتھ ہو رہا ہے وہ ان کے اپنے کرموں کا پھل ہے پاکستان کے نوجوان چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بھی بیزاری کا اظہار کرنے لگے ہیں کیونکہ میاں صاحب اور خان صاحب کا معاملہ ایک ہی جیسا ہے اور دونوں پر ہی منی لانڈرنگ کے الزامات عائد ہیں انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کو اب بہانے چھوڑ کر نیب کا سامنا کرنا چاہئے وگرنہ عوام کو سب پتا ہے۔