درسی کتابوں سے پاکستانی تاریخ سے متعلق اسباق ونصاب سے خارج کرنے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 18 اگست 2017 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) تحریک انصاف نے درسی کتابوں سے پاکستانی تاریخ سے متعلق اسباق نصاب سے خارج کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہاکہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے نئی کتابوں سے اسلام، پاکستان اور فوج سے متعلق اسباق و تصاویر نصاب سے خارج کر دی گئی ہیں، یہ تبدیلی جماعت اول سے جماعت پانچویں تک کی کتابوں میں کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پرائمری نصاب سے قائداعظم، مینار پاکستان سمیت ملک کے نقشے کی تصاویر نکال دی گئیں جبکہ نصاب سے رحمت عالم، عید میلاد النبی کا مضمون اور ق قرآن کا لفظ بھی خذف کر دیا گیا۔ اسی طرح پاک فوج اور 1965کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی کا مضمون نکال کر امریکی ہیرو کو شامل کر نے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ سرکاری کتب میں انگریز کنسلٹنٹ نکولس شا کا نام بھی شامل کر دیا گیا۔ واضح رہے ٹیکسٹ بک بورڈ ایکٹ 2015 کے مطابق نصاب میں تبدیلی کی منظوری کے بغیر مواد کو نکالا نہیں جا سکتا۔