حکومت نوجوانوں کو سی پیک اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات فراہم کرے ، خالد اقبال ملک

ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں ، حکومت ان کیلئے بہتر ماحول پیدا کرے ، کاروبار کی طرف راغب کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے توپاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس

ہفتہ 19 اگست 2017 15:59

ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2017ء) اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سی پیک کے تحت بننے والے اسپیشل اکنامک زونز میں نوجوان انٹرپرینیورزکو سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات فراہم کرے اور ان کیلئے الگ جگہ مختص کرے تا کہ نوجوان ان زونز میں سرمایہ کاری کر کے ملک کی اقتصادی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نوجوان آبادی والا ملک ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ملک میں یوتھ انٹرپرنیورشپ کو فروغ دینے کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ بزنس ڈویلپمنٹ ایسو سی ایشن آف پاکستان کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر راجہ وقاص جنجوعہ کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

خالد اقبال ملک نے کہا کہ ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں اور اگر حکومت ان کیلئے بہتر ماحول پیدا کرے اور ان کو کاروبار کی طرف راغب کیلئے سازگار پالیسیاں بنائے تو نوجوان پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں تاہم اگر نوجوانوں کو نظر انداز کیا گیا تو وہ ملک پر بوجھ بن سکتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ نوکریوںکے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے پر توجہ دیں جس سے وہ نہ صرف خود خوشحال ہوں گے بلکہ دوسروں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پید ا کر کے ملک سے غربت و بے روزگاری کو کم کرنے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر نوجوانوں کو کامیاب کاروبار چلانے کیلئے ہر ممکن رہنمائی فراہم کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئرنائب صدر خالد ملک نے کہا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں اور ملک کا مستقبل ان سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو بھی کاروبارشروع کریں محنت اور دیانتداری سے کام کریں تو ان کو ضرور کامیابی حاصل ہو گی۔

چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے نوجوانوں کو اپنے ذاتی کاروبار کو کامیابی سے چلانے کے تجربے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کامیابی کیلئے شارٹ کٹ سے ہمیشہ گریز کریں اور پوری محنت و لگن سے اپنی کوشش جاری رکھیں تو کامیابی ان کے قدم چومے گی۔یوتھ بزنس ڈویلپمنٹ ایسو سی ایشن آف پاکستان کے صدر راجہ وقاص جنجوعہ نے اپنے خطاب میں ایسو سی ایشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ بزنس ڈویلپمنٹ ایسو سی ایشن آف پاکستان بنانے کا مقصد نوجوانوں کیلئے کاروبار کے میدان میں مواقع تلاش کرنا ہے تا کہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کر کے ملک کی ترقی میں بہتر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کیلئے ریڈھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں اور کاروبار ہی وہ شعبہ ہے جس میں وہ اپنا مستقبل تابناک بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن چیمبر کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھے گی تا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملک کے وسیع تر اقتصادی مفاد میں استعمال کیا جا سکے۔یوتھ بزنس ڈویلپمنٹ ایسو سی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل عطیق الرحمٰن ، سرپرست اعلیٰ سید عاصم علی کاظمی، یو سی 43کے چیئرمین رانا محمد اشفاق اور دیگر نوجوانوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان پاکستان کا سافٹ امیج فروغ دینے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔