عالمی شہریت یافتہ ڈاکٹر روتھ فائو کو سرکاری اعزاز کے ساتھ مسیحی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،

تابوت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا پاک فوج کے دستے نے آرٹلری گنز کی سلامی دی، جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سینٹ پیٹرک کیتھڈرل چرچ پہنچایا گیا تدفین میں صدر مملکت، آرمی چیف، ایئر چیف مارشل، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی شرکت

ہفتہ 19 اگست 2017 17:32

عالمی شہریت یافتہ ڈاکٹر روتھ فائو کو سرکاری اعزاز کے ساتھ مسیحی قبرستان ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) عالمی شہریت یافتہ ڈاکٹر روتھ فائو کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ہفتہ کو مسیحی قبرستان (گورا قبرستان) میں سپرد خاک کردیا گیا۔ پاکستان میں جذام کے خاتمے کیلیے شب و روز محنت کرنے والی آنجہانی ڈاکٹر روتھ فائو کی تدفین میں صدر مملکت ممنون حسین، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، ایئر چیف مارشل سہیل امان، گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ مراد عالی شاہ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ اور آنجہانی کے عزیز و اقارب سمیت عیسائی براداری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

صدر مملکت، آرمی چیف، ایئر چیف مارشل، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے آنجہانی کی قبر پر پھول چڑھائے۔ قبل ازیں پاکستان کی مدر ٹریسا کہلائی جانے والی ڈاکٹر روتھ فائو کی آخری رسومات سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل میں ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ہزاروں چاہنے والوں کی آنکھیں اپنے مسیحا کے آخری دیدار پر اشکبار تھیں۔ آخری رسومات میں تینوں مسلح افواج کے دستوں کے علاوہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ محمد زبیر، سعید غنی، ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر ادیب رضوی، میئر کراچی وسیم اختر اور پاکستان میں جرمن سفیر سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل میں موجود افراد نے کھڑے ہوکر ڈاکٹررتھ فائو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے تابوت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔ 57 سال پاکستان میں انسانیت کی خدمت کرنے والی ڈاکٹر رتھ فائو کی سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل میں موجود افراد اور اعلیٰ شخصیات کو آخری دیدار کرایا گیا۔ پاک فوج کے دستے نے ڈاکٹر رتھ فائو کو آرٹلری گنز کی سلامی دی اور ان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سینٹ پیٹرک کیتھڈرل چرچ پہنچایا گیا۔

میری ایڈی لیڈ لیپرسی سینٹر میں بھی ان کے مریضوں، ملنے والوں اور انگنت پرستاروں کو آنجہانی کا آخری دیدار کرایا گیا۔ واضح رہے کہ جذام کے مریضوں کا علاج کرنے والی ڈاکٹر رتھ فائو 10 اگست کی رات کراچی میں چل بسی تھیں۔ ڈاکٹر رتھ فائو کی آخری رسومات کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ چرچ کے اطراف عمارتوں پر رینجرز اہلکار تعینات تھے جبکہ سیکورٹی کے لئے واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے۔