نوازشریف کے اقدامات سے ثابت ہوچکا وہ جمہوریت کے بجائے بادشاہت پر یقین رکھتے ہیں،چودھری پرویز اشرف

آصف زرداری کی جمہوری سوچ نے پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں کو یکجا کر لیا ہے،مختلف وفود سے گفتگو

ہفتہ 19 اگست 2017 19:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر حکومت چودھری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کے اقدامات سے ثابت ہوچکا ہے کہ وہ جمہوریت کے بجائے بادشاہت پر یقین رکھتے ہیں ۔ آصف علی زرداری کی جمہوری سوچ نے پاکستان کی تمام سیاسی قوتوں کو یکجا کر لیا ہے ۔

وہ آج یہاں مختلف وفود سے گفتگوکررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی سیاست کا باب بند ہوچکا ہے ، اب عوامی راج ہوگا بلاول بھٹو زرداری عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے جلسوںمیںجیالے جس جوش وخروش سے شرکت کررہے ہیں اس سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ مسقتبل صرف اور صرف پیپلزپارٹی کا ہے انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہر بار معاہدے کر کے ملک سے باہر گئے جبکہ آصف علی زرداری نے غیر جمہوری قوتوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور 11سال جیل کاٹی ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی نے کبھی بھی غیر جمہوری قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا یہی وجہ ہے کہ آج پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جو جمہوری قدروں میں سب سے آگے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومتیں قائم کرے گی پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنائے گی اور موجودہ حکمرانوں کے گند کو صاف کر کے ملک کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے گی ۔