انسداد دہشت گردی سیل کی کورنگی میں کارروائی، ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث دو دہشت گرد ہلاک

آئی جی سندھ کا پولیس ٹیم کے لئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی کی پریس کانفرنس

ہفتہ 19 اگست 2017 22:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) انسداد دہشت گردی سیل نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ٹریفک پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، دہشت گردوں کے قبضے سے ٹریفک پولیس اہلکار سے چھینی گئی ایم پی فائیو بندوق سمیت بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مذکورہ مکان میں موجود نصب بموں کو ناکارہ بنا دیا، آئی جی پی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس ٹیم کی اس کامیابی پر 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

یہ بات ڈی آئی جی سی ٹی دی عامر فاروقی نے اپنے آفس میں ہفتہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔ ان کے ہمراہ پاکستان رینجرز سندھ کے کرنل شاہد، ایس ایس پی سی ٹی ڈی شاہد عمر اور دہشت گردی سیل کے انچارج راجہ عمر خطاب بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی عامر فاروقی نے بتایا کہ دہشت گردی اور پولیس کلنگ کی کارورائیوں کو روکنے کے لئے سی ٹی ڈی اور پاکستان رینجرز سندھ کی جوائنٹ انٹیلی جنس آپریشن ٹیم نے مل کر دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لانے کے لئے اپنے نیٹ ورک اور ٹیکنیکل سہولیات کے ذریعے کوششیں تیز کر دیں اور دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا۔

جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ چند دہشت گرد کورنگی کے علاقے نورانی بستی میں موجود ہیں جو کہ پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔ جس پر انچارج ٹی ٹی آئی جی سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب اور رینجرز کی مشترکہ ٹیم نے دہشت گردوں کے اڈے پر جا کر انہیں پکڑنے کی کوشش کی تو دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی اور رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور گرنیڈ سے حملہ بھی کر دیا، جس پر سی ٹی ڈی اور رینجرز کی جوابی فائرنگ سے دو دہشت گرد عرفان اللہ عرف حماد عرف شینا اور دوسرا ناصر عرف خالد ہلاک ہو گئے۔

ہلاک دہشت گرد تحریک طالبان پاکستان مفتی شاکرا للہ گروپ سے تعلق رکھتے تھے جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں ڈیٹو نیٹر، بارودی مواد،2 عدد پسٹل اور پمفلٹ برآمد کر لئے گئے۔ دہشت گردوں نے ٹائمر بل بھی نصب کیا ہوا تھا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے ٹریفک اہلکار سے چھینی گئی ایم پی 5 رائفل بھی برآمد ہوئی۔ ہلاک دہشت گردوں کے ساتھی پچھلے ہفتے بھی سی ٹی ڈی پولیس سے مقابلے میں مارے جا چکے ہیں، دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے دونوں پسٹل کی فرانزک کرائی گئی جو کہ جولائی2017 ء میں کورنگی عوامی کالونی کے علاقے میں3 پولیس اہلکاروں کے قتل اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل سے مطابقت رکھتی ہے۔