ڈاکٹر فاروق ستار کی وفد کے ہمراہ سینٹ کیتھڈرل چرچ میںڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری رسومات میں شرکت

ڈاکٹر رتھ فاؤ ایک عظیم خاتون تھی جن کی خدمات کے نتیجے میں پاکستان جذام کے مرض سے پاک قرار پایا، ڈاکٹر فاروق ستار

ہفتہ 19 اگست 2017 23:31

ڈاکٹر فاروق ستار کی وفد کے ہمراہ سینٹ کیتھڈرل چرچ میںڈاکٹر رتھ فاؤ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم (پاکستان) کے وفد کے ہمراہ سینٹ کیتھڈرل چرچ کراچی میں آنجہانی ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرحومہ کے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ ایک عظیم خاتون تھی جن کی نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط خدمات جس کے نتیجے میں 1996ء میں پاکستان جذام کے مرض سے پاک ملک قرار پایا، بے مثال نظیر رکھتا ہے۔

ان کی خدمات کو پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی، ملک کے طول و عرض میں جذام کے مریضوں تک پہنچنا اور ان کا علاج کرنا اور پورے ملک میں جذام سے لڑنے کیلئے مراکز قائم کرنا ایک ایسا عمل ہے جو مدتوں بھلایا نہ جاسکے گا۔ انسانی خدمت کے عوض جو شہرت اور عزت ڈاکٹر رتھ فاؤ نے حاصل کی وہ ہر انسان کا خواب ہوتا ہے۔ آج پوری پاکستانی قوم ناصرف سوگوار ہے بلکہ غم میں بھی ڈوبی ہوئی ہے کہ وہ عظیم جرمن نزاد پاکستانی دختر پاکستان سے محروم ہوگیا ہے۔