امریکی کانگریس رکن ڈانارو ہرابچر کی دہشت گرد تنظیم ایم کیو ایم کے بانی سے ملاقات پاکستان اور سندھ کے مفاد میں نہیں ہے،

ایاز لطیف پلیجو سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ ناکام بنانے کے لئے عالمی اسٹیبلشمنٹ پاکستانی ریاست سے لڑ رہی ہے،مرکزی صدر قومی عوامی تحریک

ہفتہ 19 اگست 2017 23:31

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کے امریکی کانگریس رکن ڈانارو ہرابچر کی دہشت گرد تنظیم ایم کیو ایم کے بانی سے ملاقات پاکستان اور سندھ کے مفاد میں نہیں ہے، سندھ اور وطن کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ ناکام بنانے کے لئے عالمی اسٹیبلشمنٹ پاکستانی ریاست سے لڑ رہی ہے، امریکا اور عالمی اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے کہ پاکستان بھارت کا جونیئر پارٹنر بن کر چلے اور چین سے ٹکرائے۔

(جاری ہے)

پرنس ٹائون حیدرآباد میں شہریوں کے ایک وفد سے گفتگو میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ ایم کیو ایم بانی الطاف حسین اور دیگر عالمی ایجنٹ پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی، سندھ میں علیحدہ صوبے کا مطالبہ اور ذوالفقارآباد منصوبہ عالمی سازش کا حصہ ہیں، پیپلز پارٹی نے کراچی اور حیدرآباد میں ہزاروں معصوم لوگوں کو قتل کرنے والے ایم کیو ایم کے دہشت گردوں کے خون معاف کیئے، نفرت کی سیاست کرنے والوں کو اقتدار میں شامل کر کے مزید مضبوط کیا گیا، انہوں نے کہا کہ سندھ میں اب نفرت کی سیاست نہیں چلے گی اردو، سندھی، پنجابی، بلوچ، پٹھان، سرائیکی اور دیگر زبانیں بولنے والے محب وطن لوگ ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے کراچی سمیت ملک بھر میں امن ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں اور بھارت کے مفادات کے لئے سمندر اور ساحلی پٹی پر قبضے کے لئے ذوالفقارآباد منصوبہ بنایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سی پیک سے سندھ اور پاکستان میں ترقی ہوگی تمام ترقیاتی منصوبوں میں مقامی لوگوں کو روزگار دیا جائے، ٹیکنیکل کاموں کے لیئے ٹریننگ اور تربیت کی جائے۔