اسلام آباد میں آن لائن کیب سروسز کیخلاف ٹیکسی یونین کا احتجاج، راول ڈیم چوک بلاک

اتوار 20 اگست 2017 15:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) ٹیکسی یونین کی طرف سے آن لائن کیب سروسز کے خلاف احتجاج جاری، مظاہرین نے راول ڈیم چوک بلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ٹیکسی یونین کی جانب سے اوبر اور کریم سمیت آن لائن کیب سروسز پر پابندی لگانے کے لیے مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ مظاہرین نے راول ڈیم چوک کوبلاک کردیا جس کے باعث مری اوراسلام آباد جانے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے جس پرپولیس نے آنسوگیس کے شیل منگوا لئے۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایک آن لائن ٹیکسی کو روک کر گاڑی کے شیشے توڑ دیے اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پولیس نے اسے بچایا اور صورت حال کو قابو کرلیا۔ احتجاجی مظاہرین آن لائن کیب سروسز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل پنجاب اورسندھ میں بھی نجی کیب سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پرپابندی لگادی گئی تھی جب کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے متعدد گاڑیوں کو تحویل میں بھی لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :