بلاول کی صورت میں نئی بوتل میں پرانا مشروب بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے، نعیم الحق

خیبرپختونخوا عوام نے بلاول کو بتا دیا کہ آپ غلط دروازے پر دستک دے رہے ہیں،ایک بیماری سے نجات کے بعد قوم دوسری وبا گلے لگانے کو تیار نہیں ،بلاول سندھ کے لوگوں کی زندگیوں سے عذاب کم کریں تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل

اتوار 20 اگست 2017 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں نئی بوتل میں پرانا مشروب بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے،خیبرپختونخوا عوام نے بلاول کو بتا دیا کہ آپ غلط دروازے پر دستک دے رہے ہیں،ایک بیماری سے نجات کے بعد قوم دوسری وبا گلے لگانے کو تیار نہیں ،بلاول سندھ کے لوگوں کی زندگیوں سے عذاب کم کریں۔

اتوار کو پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بلاول کو بتا دیا کہ آپ غلط دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔نعیم الحق کے مطابق بلاول کے سامنے نوجوانوں نے ' آئی آئی پی ٹی آئی' کے فلک شگاف نعرے لگائے جب کہ صوبائی حکومت کی مکمل آزادی کے باوجود پختون عوام نے بلاول کو مسترد کردیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ پرکشش نعروں سے عوام کی گردنوں پر مسلط ہونے کا وقت گزر گیا اور ایک بیماری سے نجات کے بعد قوم دوسری وبا گلے لگانے کو تیار نہیں جب کہ قوم کرپشن، اقربا پروری اور موروثیت کو کسی طور قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔نعیم الحق نے کہا کہ تحریک انصاف نے نوجوانوں میں سیاسی شعور جگایا، پنجاب اور سندھ کے عوام پختونخوا کی طرح ایک نیا اجالا چاہتے ہیں اس لیے بلاول سندھ کے لوگوں کی زندگیوں سے عذاب کم کریں۔