عیدالاضحی سال 2017ء کنٹی جینسی پلان تیار کیا جائے ، آئی جی سندھ

اتوار 20 اگست 2017 18:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ چرم قربانی کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کو غیر جانبدارانہ بنانے کے ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے رینج، زونز اور ڈسٹرکٹس کی سطح پر عیدالاضحٰی سال 2017ء کنٹی جینسی پلان ترجیحی بنیاد پر مرتب کرکے برائے ملاحظہ ارسال کیا جائے تاکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ تمام رجسٹرڈ فلاحی و سماجی اداروں/تنظیموں، دینی مدارس وغیرہ و دیگر اسٹیک ہولڈرز کو حکومت سندھ کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مندرجات/شرائط کا پابند بنانے کے ساتھ چرم قربانی کو اکٹھا کرنے اور منتقلی کے حوالے سے جاری تحریری اجازت ناموں اور دیگر ضروری دستاویزات کی چھان بین کے عمل کو کنٹی جینسی پلان کا حصہ بنایا جائے۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے کہا کہ عیدالاضحٰی سیکیورٹی پلان کے تحت سینٹرل پولیس آفس میں قائم مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے وقتاّ فوقتاّ جاری احکامات پر عمل درآمد کے لیے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں، علاوہ ازیں اس سلسلے میں شہر میں قائم زونل ضلعی کنٹرول رومز اور تھانہ جات کے وائرلیس کنٹرول رومز کے باہمی روابط جیسے اقدامات کو بھی انتہائی مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی تمام مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں، نماز عید کے دیگر کھلے مقامات کی فہرستوں کا جائزہ لیا جائے اور بعدازاں انہیں درجہ بندیوں میں تقسیم کرکے نا صرف متعلقہ پولیس بلکہ پولیس کمانڈوز کی تعیناتیوں کو بھی یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ سیکیورٹی پلان کے تحت تھانوں کی سطح پر سادہ لباس اہلکاروں پر مشتمل سرویلینس ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں۔

متعلقہ عنوان :