پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی قائمہ کمیٹیا ں برائے دفاع مشترکہ طور پر جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کریںگی

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقات میں دفاع اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا آرمی چیف کے ہمراہ دونوں کمیٹیوں کے اراکین کا ایل او سی اور شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ متوقع

اتوار 20 اگست 2017 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اگست2017ء) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی دفاع کے بارے میں مجالس قائمہ کے اراکین مشترکہ طور پر جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کریں گے،چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقات میں دفاع اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، آرمی چیف کے ہمراہ دونوں کمیٹیوں کے اراکین کا ایل او سی اور شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ اور اعلیٰ فوجی حکام کی مشاورت سے سینیٹ اور قومی اسمبلی کی دفاع کے بارے میں قائمہ کمیٹیوں کے اراکین کے جی ایچ کیو،ایل او سی اور شمالی وزیرستان ایجنسی کے تین روزہ دورے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دورے کے پہلے روز دونوں مجالس قائمہ دفاع کے اراکین جی ایچ کیو میں یادگار شہدائ پر پھول چڑھائیں گے، اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقات ہو گی اور ان کے ہمراہ کشمیر میں ایل او سی اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں اگلے مورچوں پر جا کر جوانوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دونوں مجالس قائمہ کے چیئرمینوں کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے کہ دونوں کمیٹیوں کے اراکین مشترکہ طور پر متذکورہ تین روزہ دورے کی تیاری کریں گے۔