کشمیر سے دستبرداری کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی ، شفیق الرحمن

کستانی اور کشمیری لوگوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، دستبرداری کی باتیں کرنے والے پاکستان سے مخلص نہیں اور ایسا کرنے والے کشمیری خون سے غداری کریں گے، مسئول جماعة الدعوہ اسلام آباد

اتوار 20 اگست 2017 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2017ء) جماعة الدعوة اسلام آباد کے مسئول شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ کشمیر سے دستبرداری کرنے والوں کو قوم معاف نہیں کرے گی ، پاکستانی اور کشمیری لوگوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ، دستبرداری کی باتیں کرنے والے پاکستان سے مخلص نہیں اور ایسا کرنے والے کشمیری خون سے غداری کریں گے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی ،کشمیر ی پاکستانی پرچم کو اپنا کفن بنا رہے ہیں ایسی صورت حال میں کشمیر سے دستبرداری کی باتیں کرنا تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کرنے کے مترادف اور بھارت کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف ہے، بھارت سے دوستی میں کشمیریوں کی لازوال قربانیوںکو فراموش کیا جارہا ہے۔

حکمران کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف آواز بلند کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی نظربندی سے کشمیریوں کو مضبوط پیغام نہیں دیا جا سکا۔قائد اعظم کی کشمیر پالیسی سے انحراف کرنا درست نہیں۔ مظلوم کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کی جائے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجدقباء میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا شفیق الرحمن نے کہا کہ تکمیل پاکستان کے لیے کشمیری سبز ہلالی پرچم تھامے قربانیوں کی نئی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔

آزادی کے متوالے سنگ بازکشمیری نوجوان کسی صورت غاصب بھارت کا قبضہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ایسی صورت حال میں دستبرداری کی باتیں کرنا سمجھ سے بالا تر ہے بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر عالمی سطح پر خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔ کشمیر پر ہمارا موقف وہی ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کا تھا۔ پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی پشت پر کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ختم کروانے کے لیے ہمارے حکمران بھی عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز پہنچائیں۔دکھ اور افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان میں حافظ سعید کی صورت میں کشمیریوں کی مضبوط آوازپابند سلاسل ہے۔ بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی سمیت دیگر قائدین بھی نظربند ہیں اور ہزاروں سرگرم کشمیریوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے، لیکن نام نہاد حقوق انسانی کے اداروں اور ملکوں نے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ اپنی شہ رگ کو دشمن کے استبدالی پنجے سے نجات دلانا ہمارا قومی و ملی فریضہ ہے۔ بھارتی حکمران اور ان کا میڈیا پراپیگنڈا کے ذریعے تحریک آزادی جموں کشمیر کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔لیکن افسوس ہمارے ہاں حکومتی سطح پر اس حوالے سے کوئی خاطر خواہ کوشش نہیں کی جارہی۔