چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کا ڈاکٹر رتھ فائو کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

اتوار 20 اگست 2017 22:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2017ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈاکٹر رتھ فائو کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جنہوں نے اپنی ساری زندگی پاکستان میں جذام کے مریضوں کی خدمت کیلئے وقف کررکھی تھی۔ آنجہانی ڈاکٹر رتھ فائو کو انکی خدمات کے اعتراف میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ جیسی شخصیات صدیوں میں ایک دفعہ پیدا ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پورا کرنا مشکل ہوگا۔ انسانیت کیلئے ڈاکٹر رتھ کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فائو کی لگن،جذبہ اور بے غرض عزم نے پاکستان بھر میں جذام کے مرض میں مبتلا ہزاروں لوگوں کی زندگیوں کو تبدیل کرکے رکھ دیا اور عالمی ادارہ صحت نے 1996 میں پاکستان کو جذام سے پاک ایشیا کا پہلا ملک قرار دیا۔ انکی بے لوث قربانی غیر متزلزل عزم اور جذبہ دکھی انسانیت کی خدمت تھا جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔