ایف بی آر منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کیس میں ملوث 330افراد کے خلاف کاروائی سے گریزاں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 اگست 2017 13:14

ایف بی آر منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کیس میں ملوث 330افراد کے خلاف کاروائی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اگست۔2017ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مالیاتی نگرانی کے یونٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کے الزام کی زد میں آنے والے با اثر افراد کے خلاف کارروائی کو ایک سال سے موخر کر رکھا ہے۔منی لانڈرنگ کے ان ملزمان کی تعداد 330 ہے، جن میں سے 80 فیصد کاروباری افراد جبکہ 20 فیصد بااثر سیاست دان ہیں۔

مرکزی بینک کے ایف ایم یونٹ نے مشکوک لین دین کے حوالے سے ماہانہ رپورٹ ایف آئی اے ، قومی احتساب بیورو (نیب)، اینٹی نارکوٹکس فورس اور کسٹم انٹیلیجنس کو بھی فراہم کی۔ جون2016 میں حکومت نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے دائرہ کار کو بڑھا کر ایف بی آر کے محکمہ اِن لینڈ ریوینیو کے انٹیلیجنس اور انویسٹی گیشن (آئی اینڈ آئی) ڈائریکٹوریٹ کو بھی اختیارات دیے تھے۔

(جاری ہے)

اس اقدام کے نتیجے میں ڈائریکٹوریٹ کو جولائی 2016 سے جون 2017 تک ٹیکس اور دیگر ڈیوٹی سے متعلقہ مشکوک لین دین کی 210 رپورٹس موصول ہوئیں جبکہ دیگر کیسز کو تفتیش کے لیے ایف آئی اے، نیب اور اے این ایف کو بھیج دیا گیا۔مالیاتی امور کے جریدے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایف بی آر کو ماہانہ 18 رپورٹس موصول ہوئیں۔ایف بی آر کا آئی اینڈ آئی ڈائریکٹوریٹ ان رپوٹس پر اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کر سکتا ہے۔

اگر ایک شخص ٹیکس چوری کا اعتراف کرلیتا ہے تو اسے اپنے تمام واجب الادا ٹیکس، مقامی ٹیکس آفس میں جمع کرانے ہوں گے، لیکن اگر وہ شخص اعتراف کے باوجود ٹیکس ادا کرنا نہیں چاہتا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق اب تک اس طرح کی دو کارروائیاں ایف بی آر کی جانب سے عمل میں لائی گئیں اور دونوں ہی کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ایف بی آر نے 6 ارب 20 کروڑ 40 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ منی لانڈرنگ کے 330 ملزمان میں سے 105 ملزمان کا قومی ٹیکس نمبر (این ٹی این) ہی موجود نہیں، اس کے باوجود ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس چوری کے ان کیسز میں کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔اس فہرست کے مطابق 57 ٹیکس چوروں کا تعلق کراچی سے ہے جن میں 22 بڑی کارروباری شخصیات جبکہ 12 با اثر سیاست دان ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بااثر افراد اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے اپنے خلاف ہونے والی کارروائی روک دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کیسز میں 25 افراد کا تعلق لاہور اور 18 کا اسلام آباد سے ہے جبکہ دیگر کیسز حیدر آباد، پشاور، فیصل آباد اور ملتان سے ہیں۔

متعلقہ عنوان :