عراق اور شام میں داعش کی شکست کے بعد برطانیہ میں دہشتگردی کا خطرہ بڑھ جائے گا، دہشت گرد عناصر برطانیہ کی سڑکوں پر گاڑیوں اورچاقوئوں سے لوگوں پر حملے کرسکتے ہیں،برطانوی وزارت کا بیان

پیر 21 اگست 2017 19:25

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) برطانیہ نے خبردار کیا ہے کہ عراق اور شام میں داعش کی شکست کے بعد برطانیہ میں دہشتگردی کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ برطانوی وزارت داخلہ کی سیکیورٹی شعبے کے سربراہ نے کہاہے کہ عراق کا شمالی شہر موصل داعش کے دہشت گردوں کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے اور شام میں داعش کا گڑھ رقہ بھی اب اس کے ہاتھ سے نکل رہا ہے ۔

(جاری ہے)

یہی وہ حقیقت ہے جس کی وجہ سے داعش میں شامل برطانوی عناصر واپس برطانیہ کا رخ کرسکتے ہیں۔ اگر یہ عناصر برطانیہ واپس لوٹتے ہیں تو یہ ملک کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہیں۔ دہشت گرد عناصر برطانیہ کی سڑکوں پر گاڑیوں اورچاقوئوں سے لوگوں پر حملے کرسکتے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ ان عناصر کو واپس برطانیہ میں داخل نہ ہونے دے۔واضح رہے کہ 2011 سے 2016 کے دوران دنیا کے 120 ملکوں سے 42 ہزار سے زائد دہشت گرد عناصر داعش کی صفوں میں شامل ہونے کے لئے شام اور عراق گئے تھے ۔ 5ہزار سے زائدکا تعلق یورپی ملکوں سے ہے۔